مساجد پر حملے، علماء کرام کے قتل میں ملوث مبینہ دہشت گرد گرفتار

387

شہر قائد کے علاقے موسمیات میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے مفتی شامزئی اور مفتی جمیل کے مبینہ قاتل کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی انچارج اسرار اعوان کے مطابق سی ٹی ڈی سول لائن نے کراچی موسمیات کے قریب کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار کرلیاہے،گرفتار مبینہ دہشت گرد حیدر زیدی عرف سلیم بھائی غیرملکی شہریوں سمیت مفتی اور علما کو قتل کرچکا ہے، ملزم نے 2004میں مفتی نظام الدین شامزئی اور مفتی جمیل کو قتل کیا۔

اسرار اعوان نے بتایا کہ ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم سےہےاور اس نے پارہ چنار سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی ۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم نے 1993اور 1995کے دوران مساجد اور جلوسوں پر حملے کیے، ملزم نے 2004میں جامعہ بنوریہ کے باہر موٹرسائیکل بم دھماکا کیا۔

انچارج سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم حیدر زیدی کا نام ریڈ بک میں شامل ہے، ملزم لاہور میں مولانا ضیا الرحمان پر بم حملے میں ملوث رہا ہے،سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم حیدر زیدی عرف سلیم بھائی کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے جس میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔