افہام و تفہیم سے آئینی ذمے داریاں پوری کرر ہے ہیں‘خرم شہزاد

153

اسلام آباد (اے پی پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین رکن قومی اسمبلی راجا خرم شہزاد نواز نے کہا ہے کہ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سیاسی وابستگیوں کوپس پشت ڈال کر افہام و تفہیم سے اپنی آئینی ذمے داریاں پوری کرر ہے ہیں، عوام کی فلاح و بہبود ترجیح ہے، تعلیم، صحت ، روزگار اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے قیام اور منصفانہ قانون کرایہ داریکے نفاذ کے لیے مسودہ کمیٹی نے منظور کر لیا ہے جسے جلد قومی اسمبلی میں پیش کر دیا جائے گا، سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام میں ایکسپریس وے کے لیے 45 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، گلبرگ گرین کے ساتھ کورنگ بریج کو تو سیع دی جا رہی اور پی ڈبلیو ڈ ی کے مقا م پر انڈر پاس بنانے جا رہے ہیں جس کے جلد ٹینڈر جاری کر دیے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہائوسنگ سوسائٹیوں کے نام پر لوٹے گئے اربوں روپے وصول کر کے متاثرین کو انصاف دلائیں گے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ایک منفرد آئینی حیثیت ہے جو کسی صوبے کا حصہ نہیں لیکن ماضی میں اسلام آباد کو وہ حقوق نہیں مل سکے جویہاں کے مقامی باسیوں کا حق تھا۔ انہوں نے کہا کہ گریڈ ایک سے 15 تک کی سرکاری ملازمتوں پر اسلام آباد کے باسیوں کا حق تھا جبکہ دیگر علاقوں کے لوگوں کے لیے صوبائی اور علاقائی کوٹہ مختص کیا جاتا تھا لیکن ماضی کی حکومتوں نے اس حق کو پامال کیا جس سے مقامی لوگ روزگار کے مواقعوں سے محروم ہوئے۔