عدالتی حکم کا احترام کرتے ہیںِ لوگوں کو یکدم بے گھر نہیں کرسکتے ،وزیراعلیٰ سندھ

364
حیدرآباد: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ لائیو اسٹاک ایکسپو 2020ء کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت عدلیہ کے احکامات کا احترام کرتی ہے اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی کوشش کرتی ہے جبکہ عدالت عظمیٰ کے احکامات کے مطابق کراچی میں ریلوے ٹریک کلیئر کرایا جائیگا، انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ایک دم سے بے گھر نہیں کر سکتے اور عوام کو متبادل جگہ دیکر تجاوزات ختم کریں گے ۔ وہ حیدرآباد میں لائیو اسٹاک ایکسپو 2020 کی اختتامی تقریب کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کر رہے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئی جی سندھ کے معاملے پر وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا ہے اور امید ہے کہوفاقی حکومت ہماری خواہش پر سنجیدگی سے غور کریگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک ایکسپو میں پورے ملک سے مویشی لائے گئے ہیں جس کا سہرا بلا شبہ محکمہ لائیو اسٹاک سندھ کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک کی نمائش کا انعقاد ہر سال کیا جائیگا جبکہ اس قسم کی نمائشوں کیلیے سالانہ بجٹ میں رقم بھی مختص کی جائیگی۔قبل ازیں لائیو اسٹاک ایکسپو 2020ء کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ دیگر شعبوں کے مقابلے میں شعبہ زراعت اور لائیو اسٹاک کو فروغ دینے کیلیے ترجیحی بنیادوں پر کوششیں کر رہی ہے کیونکہ پورے ملک کی آبادی کا 60فیصد انحصار ان دو شعبوں پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش کا انعقاد ایک بڑا چیلنج تھا جوکہ صوبائی وزیر عبد الباری پتافی نے پورا کر کے دکھایا ۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ لائیو اسٹاک ایکسپو کے مختلف اسٹالز دیکھنے سے معلوم ہوا کہ ہمارے ملک میں نایاب نسل کے مویشی موجود ہیں جن کی جدید خطوط پر افزائش نسل سے ہم دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کر سکتے ہیںجس سے نہ صرف سندھ بلکہ ملک کی ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں جس سے خوشحالی آئے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز انجنیئر عبد الباری پتافی نے کہا کہ اس نمائش سے شعبہ لائیو اسٹاک میں ایک نئے دور کی شروعا ت کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں بد قسمتی سے صنعتی شعبوں پر بہت زیادہ توجہ دی گئی ہے جبکہ شعبہ لائیو اسٹاک اور زراعت پر توجہ نہیں دی گئی یہی وجہ ہے کہ ملک میں مختلف زرعی اجناس اور جانوروں کی مختلف نسلوں نے اتنی ترقی نہیں کی ہے جتنی کرنی چاہیے ۔