پاکستانی قونصلیٹ دبئی میں یوم یکجہتی کشمیر پر تقریب کا انعقاد مبین صالح

195

پاکستانی قونصلیٹ دبئی میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں پروگرام کا اہتمام کیاگیا، جس میں سیاسی، سماجی رہنماؤں، کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی اور خواتین سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں قونصل جنرل آف دبئی احمد امجد علی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ گزشتہ 6 ماہ سے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ ہے، انٹر نیٹ اور دیگر سہولیات بند ہیں، کھانے پینے کی اشیا ختم ہو چکی ہیں، ادویہ ناپید ہیں، انسانوں کے ساتھ جانوروں جیسا سلوک ہو رہا ہے، بھارتی فوج ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے لیکن انسانی حقوق کی نام لیوا عالمی برادری کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ہم اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت پر دباؤ ڈالا جائے تاکہ وہ کشمیریوں کو خود ارادیت کا حق دے جو کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق ہے تاکہ کشمیری مظلوم اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ کشمیریوں کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ پاکستان کا ہمیشہ سے واضح اور دو ٹوک موقف ہے کہ کشمیری عوام کو ان کی خواہشات کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے ۔آج کا دن منانے کا مقصد مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنا ہے۔اگر مسئلہ کشمیر کا پرامن حل نہ نکالا گیا تو پورے برصغیر کا امن خطرے میں پڑ جائے گا۔