کراچی کے حوالے سے چیف جسٹس کے وژن کے ساتھ ہیں، وزیر اطلاعات سندھ

529

وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے حوالے سے چیف جسٹس پاکستان کے وژن کے ساتھ ہیں،چیف جسٹس کے احکامات پر من و عن عمل ہوگا۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیف جسٹس نے کچھ غیر قانونی تعمیرات کو گرانے کا حکم دیا ہےان احکامات پر عمل درآمد کریں گے، چیف جسٹس کے کراچی سے متعلق وژن کے ساتھ ہیں ، چیف جسٹس قابل احترام ہیں ان کے احکامات پر من و عن عمل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں سے متعلق بھی چیف جسٹس نوٹس لیں، ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔

آئی جی سندھ کی تبدیلی کے حوالے سے وزیراطلاعات نے کہا کہ سندھ حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اس معاملے پر تنازع نہیں ہونا چاہیے تھا، آئی جی سندھ چھٹی پر چلے جائیں ، کنفیوژن  نہ پھیلائیں۔

 ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال ترقیاتی فنڈز میں سے 130 ارب روپے کم دیے گئے، اس کے باوجود کراچی کے لیے 17 بڑی اسکیمیں لا رہے ہیں جن کا باقاعدہ افتتاح مارچ سے جون کے درمیان کردیا جائے گا، کراچی کے لیے 11 نئے پراجیکٹس ہیں جس میں سڑکوں کی ازسرنو تعمیر بھی شامل ہے۔