پی ایس ایل 5؛ نامور کھلاڑی عدم دستیاب

2003

لاہور: پاکستان سپر لیگ 2020 کیلئے کھلاڑیوں کے متبادل پرمشتمل ڈرافٹ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوا۔جس میں ریپلیسمنٹ ڈرافٹ میں شامل فرنچائزز نے ابتدائی ڈرافٹ میں پک کیے گئے کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے باعث متبادل کھلاڑیوں منتخب کیا ۔

لیگ کے پانچویں ایڈیشن کیلئے پشاور زلمی اور کراچی کنگز نے  2،2 جبکہ لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز نے 1،1متبادل کرکٹر کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ 

 کراچی کنگز نے مکمل ایڈیشن کیلئے اسکواڈ میں 2 تبدیلیاں کرتے ہوئے لیام پلنکٹ کی جگہ نیوزی لینڈ کے مچل میکلینگن اور انگلینڈ کے ڈین لارنس کی جگہ ویسٹ انڈیز کے چیڈوک والٹن کو اسکواڈ میں شامل کیا۔

لیام پلنکٹ انجری اور ڈین لارنس نیشنل ڈیوٹی کے باعث کراچی کنگز کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ مچل میکلینگن گذشتہ ایڈیشن میں لاہور قلندرز جبکہ  چیڈوک والٹن ایڈیشن 2018اور 2019 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

پشاور زلمی  نے جنوبی افریقہ کے ڈوائن پریٹوریئس کی جگہ انگلینڈ کے لوئس گریگری کو مکمل ایڈیشن کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا جبکہ ڈوائن پریٹوریئس بھی نیشنل ڈیوٹی کے باعث پشاور زلمی کو دستیاب نہیں ہوں گی۔

ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے باعث آلراؤنڈر کیرون پولارڈ 7 مارچ تک پشاور زلمی کو دستیاب نہیں ہوں گے لہٰذا پشاور زلمی  نے کیرون پولارڈ کی جگہ کارلوس بریتھ ویٹ کو منتخب کیا۔ کارلوس بریتھ ویٹ گزشتہ ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

اسی طرح نیشنل ڈیوٹی کے باعث ویسٹ انڈیز کے فابیئن ایلن بھی مارچ کے پہلے ہفتے تک ملتان سلطانز کو دستیاب نہیں ہوں گی۔ فابیئن ایلن کی جگہ انگلینڈ کے وائن میڈسن مقررہ وقت تک ملتان سلطانز کا حصہ ہوں گے۔

ویسٹ انڈیز کے لینڈل سمنز نجی وجوہات کے باعث ایونٹ میں شرکت نہیں کررہے لہٰذا ان کی جگہ جنوبی افریقہ کے ڈین ولازمکمل ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کریں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے وان دیر دوسن کی جگہ انگلینڈ کے بلے باز ڈیوڈ ملان کو مکمل ایڈیشن کیلئےاسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ وان دیر دوسن نیشنل ڈیوٹی کے باعث دستیاب نہیں ہیں۔ ڈیوڈ ملان نے گزشتہ 4 ایڈیشنز میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  نےنیشنل ڈیوٹی کے باعث 7 مارچ تک عدم دستیاب کیمو پاؤل کی جگہ سدرن پنجاب کے لیگ اسپنرزاہد محمود کو جزوی طور پر اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔

اسکواڈ میں شامل متبادل کرکٹرز:

پی ایس ایل 2020 کا آغاز 20 فروری سے 22 مارچ تک کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلی جائے گی۔

یاد رہے کہ ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کراچی میں جبکہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔