انڈر 19ورلڈکپ؛ قومی ٹیم کا تیسری پوزیشن پر قبضہ

518

بینونی: پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے روحیل نذیر کی قیادت میں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ 2020 میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔

 ایونٹ میں تیسری پوزیشن کیلئے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بارش کی نذر ہوگیا۔  گروپ مرحلے میں بہتر پوائنٹس کی بنیاد پر پاکستان کی ٹیم تیسری پوزیشن کی حقدار قرار پائی۔

جنوبی افریقہ کے شہر بینونی میں بارش کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ٹاس کیے بغیر منسوخ کردیا گیا۔ گروپ مرحلے میں پاکستان کے پوائنٹس کی تعداد 5 اور نیوزی لینڈ کے پوائنٹس کی تعداد 3 تھی۔

 

ایونٹ کے گروپ مرحلے میں پاکستان  نے اسکاٹ لینڈ اور زمباوے کو شکست دی تھی جبکہ بنگلادیش کے خلاف میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں افغانستان کی ٹیم کو شکست دینے والی قومی انڈر 19 ٹیم کو سیمی فائنل میں بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مڈل آرڈر بیٹسمین محمد حارث 5 میچوں کی3 اننگز میں 131 رنز بناکر پاکستان کے سب سے بہترین بلے باز اور محمد عباس آفریدی 5 میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کرکےبہترین بالر رہے۔