اسرائیل کی شام میں بمباری،سویلین طیارے کو ڈھال بنالیا

466

اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق میں فضائی کارروائی کرتے ہوئے 8 میزائل داغ دئیے جبکہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے دوران پرواز سویلین پرواز کو خطرے میں ڈالتے ہوئے ڈھال کے طور پر استعمال کیا ۔

تفصیلات کے مطابق روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق میں فضائی کارروائی کے دوران سویلین پرواز کو خطرے میں ڈالا جس میں 172 مسافر سوار تھے جبکہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے شام کی فضائی حدود کے باہرسے 8 میزائل داغے ہیں۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق تہران سےدمشق آنے والی پرواز کو اسرائیلی حملے کی وجہ سے روسی ایئربیس پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی، اسرائیلی پائلٹوں نے حملے کے وقت سویلین طیارے کو بطور ڈھال استعمال کیا ۔ اگر شامی ایئر ٹریفک کنٹرول بروقت ایکشن نہیں لیتا تو مسافر طیارہ شامی دفاعی نظام کے ایکٹو ہونے پر بڑے حادثے کا شکار ہوسکتا تھا۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے 4 ایف 16 لڑاکا طیاروں نے دمشق کے مضافاتی علاقے کی جانب 8 میزائل فائر کئے گئے  تھے جس میں 23 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔