شہری کی ٹریفک اہلکار سے تلخ کلامی اور کار کا سائیڈ ٹوٹنے پر جھگڑے کا مقدمہ آرام باغ تھانے میں درج کر لیا گیا

265

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی کے قریب شہری کی ٹریفک اہلکار سے تلخ کلامی اور کار کا سائیڈ ٹوٹنے پر جھگڑے کی آئی جی سندھ نے تفصیلات طلب کرلیں، واقعہ کا مقدمہ آرام باغ تھانے میں درج کر لیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز آر م باغ تھانے کی حدود میں آرٹس کونسل اور سندھ اسمبلی کے قریب ٹریفک رولز کے خلاف ورزی پر ٹریفک پولیس اہلکار نے ایک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تاہم نہ رکنے پر اس کے تعاقب کے دوران گاڑی کا سائیڈ گلاس ٹوٹنے پر شہری نے گاڑی روک لی اور ٹریفک اہلکار سے بدتمیزی کی ،

اس دوران شہری نے غلطی ماننے کے بجائے پولیس اہلکار سے جواب طلب کرنا شروع کر دیا کہ تم نے میری گاڑی کا شیشہ کیسے توڑا دوران گفتگو اہلکار کہتا رہا میں آپ سے آرام سے بات کر رہا ہوں،شہری بعد ازاں وہاں رکنے کے بجائے چلاگیا،مذکورہ وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہری کس طرح پولیس اہلکار کو دھمکیاں دے رہا ہے،

دوسری جانب سندھ اسمبلی کے قریب نامعلوم شخص کی جانب سے پولیس اہلکار سے ہتک امیز سلوک اور دھمکیاں دینے کے حوالے سے سوشل میڈیا فوٹیج پر آئی جی سندھ ڈاکٹر سیدکلیم امام نے ایس ایس پی جنوبی سے تمام تر ضروری اقدامات پر مشتمل تفصیلات فی الفور طلب کرلی ہیں۔