بینظیر میڈیکل کالج کی تعمیرات غیر تسلی بخش قرار

489

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چئیرمین ورکس اینڈ سروسز کمیٹی و رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشیدنے شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل کالج کی تعمیرات میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے تعمیرات غیر تسلی بخش قرار دے دی ہے،

چئیرمین ورکس اینڈ سروسز کمیٹی ورکن سندھ اسمبلی نے ورکس اینڈ سروسز ڈپارٹمنٹ کے افسران کے ہمراہ کالج کی تعمیرات کاجائزہ لینے کیلئے سائیٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پرانہوں نے کالج کی تعمیرات سائیٹ پلان کے مطابق بروقت مکمل نہ ہونے پر تشویش کااظہار کیا ہے،

چئیرمین ورکس اینڈ سروسز کمیٹی نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل کالج کی تعمیرات سے متعلق تحریری تفصیلات طلب کرلیں ہے۔رکن سندھ اسمبلی وچئیر مین ورکس کمیٹی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل کالج کی تعمیرات کاپروجیکٹ ڈیزائن،کنٹریکٹ کی تفصیلات مہیا کی جائیں،چئیرمین ورکس اینڈ سروسز کمیٹی نے سپرٹینڈنٹ انجیئنیر ورکس سے ٹھیکے دار کی رسیدیں اور جاری فنڈز کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔انہوں نے کہاکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل کالج کی تعمیرات مکمل کروانے کیلئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کروں گا،

سید عبدالرشید نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل کالج کی تعمیرات،تخمینہ،نقشے اور دیگر تفصیلات کا جائزہ لیکر حکومت سندھ سے بات کروں گا۔انہوں نے کہاکہ لیاری کے لوگوں کو تمام سہولیات فراہم کرنے کیلئے شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل کالج کی مکمل فعالیت اہم ہے،

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری وسائل اور سرکاری اختیارات کا کسی کو ناجائز فائدہ اٹھانے نہیں دونگا،سید عبدالرشید نے کہاکہ لیاری کے عوام کے نمائندے کی حیثیت سے جو حق لیاری کا ہے وہ اسے دلاکر رہونگا،

چئیرمین ورکس اینڈ سروسز کمیٹی کو سپرٹینڈنٹ انجیئنر ورکس سندھ ارشد بھٹو،پرنسپل کالج ڈاکٹر انجم رحمن اور پروجیکٹ کنسلٹنٹ عاطف نے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سندھ گورنمنٹ لیاری جنرل اسپتال ڈاکٹر نوید شیخ،سابق ایم پی اے حاجی بابو غلام حسین بلوچ،کورآڈینٹرایم پی اے امین بلوچ اور ناظم جماعت اسلامی لیاری سید جواد شعیب اور دیگر بھی موجود تھے۔