سرفراز کو ون ڈے ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کی تیاریاں مکمل

521

کراچی کے پلئیرز کے ساتھ ناانصافی کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے ،قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو ون ڈے کی قیادت سے بھی ہٹانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ۔

تفصیلات کے مطابق سابق کپتان سرفراز احمدکو ٹیسٹ اور ٹی 20 کی قیادت سے ہٹائےجانے کے بعد اب ون ڈے کی کپتانی لینے کیتیاریاں عروج پر ہیں جبکہ فوری طورپر ان کی ٹیم میں بطور کھلاڑی بھی واپسی مشکل دکھائی دے رہی ہے۔

سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے پر شائقین کرکٹ میں پہلے ہی شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ،سرفراز احمد کوون ڈے کپتانی سے ہٹانا اس لیے حیران کن ہےکہ ان کی کپتانی میں پاکستان پچھلے 6ون ڈے انٹرنیشنل جیت چکا ہے۔ان میں ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ، افغانستان، جنوبی افریقا اور بنگلادیش کے بعد ہوم گراؤنڈ پر سری لنکا کے خلاف ہونے والے دو میچز بھی شامل ہیں۔

 دوسری جانب سرفراز احمدکی جگہ کپتانی کا تاج بابر اعظم کے سر پر سجانے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے ۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بنگلادیش کے خلاف واحد ون ڈے انٹر نیشنل میچ کھیلنا ہے ۔سرفراز احمد نے 2017 سے 2019 تک پاکستان کیلئے 35 ون ڈے انٹرنیشنل میں کپتانی کی۔ جس میں  21 میچوں میں پاکستان فتحیاب رہا جبکہ  13 میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا ۔

واضح رہے کہ سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم 2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیت چکی ہے۔

سرفراز احمد نے 116 ون ڈے انٹر نیشنل میں 2302 رنز 33 کی بیٹنگ اوسط سے بناچکے ہیں جبکہ وکٹوں کے پیچھے انہوں نے 116 کیچ اور 24 اسٹمپڈ کیے۔

یاد رہے کہ 18 اکتوبر 2019 کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اظہر علی کو قومی ٹیسٹ کا کپتان مقرر کردیا تھا جبکہ قومی ٹی 20 ٹیم کی کپتانی بابراعظم کے سپرد کردی تھی۔

سری لنکا کی ناتجربہ کار ٹیم کے ہاتھوں اذیت ناک شکست کے بعد سرفراز احمد کے ستارے گردش میں آئے او انہیں ایک ساتھ تینوں فارمیٹس سے ڈراپ کردیا گیا۔

پی سی بی کی جانب سے قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان کا اعلان نہیں کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ ون ڈے کپتان کا فیصلہ ہالینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز سے قبل کیا جائے گا۔ پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان ایک روزہ میچوں کی سیریز 4 سے 9 جولائی 2020 تک کھیلی جائے گی۔

تاہم اب امکان ہے کہ بنگلادیش کیخلاف واحد ون ڈے میچ کیلئے ٹیم کا اعلان نئے کپتان کے ساتھ کیا جائے گا۔