انڈر 19 ورلڈکپ؛ قومی ٹیم تیسری پوزیشن حاصل کرنے کی خواہاں

433

بینونی: آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کو بھارت ہاتھوں شکست کے بعد قومی ٹیم تیسری پوزیشن پر قبضہ جمانےکیلیے نیوزی لینڈ کے مد مقابل آئے گی۔

روحیل نذیر کی قیادت میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے پہلے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ میچ میں ناکامی کے باعث پاکستان تیسری مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ جیتنے کا خواب پورا نہیں کرسکا۔

دوسری جانب ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ جس میں بنگلہ دیش  نےکیوی ٹیم کوشکست سے دوچار کرتے ہوئے فائنل میں پہلی بار رسائی حاصل کی۔

ایونٹ میں تیسری پوزیشن کیلئے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں کل مدمقابل آئیں گی۔

قومی ٹیم ایونٹ میں نیوزی  لینڈ کےخلاف میچ میں کامیابی حاصل کرکے بھارت سے شکست کا غم بھلانا چاہتی ہے۔میچ سے قبل قومی ٹیم میں ایک تبدیلی متوقع ہے، کمر کی تکلیف کے باعث فاسٹ بالر طاہر حسین نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔

قومی انڈر 19 ٹیم کےہیڈ کوچ اعجاز احمد کا کہنا ہےکہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کیلئےمیچ جیتنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔

اعجاز احمد نے کہا کہ بھارت سے یکطرفہ شکست کے بعد کھلاڑی ذہنی دباؤ کا شکار تھے تاہم ایک روز آرام کے بعد تمام کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس سیشنز میں شرکت کی۔

انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کرکے پاکستان ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرسکتا ہے۔انگلینڈ، آسٹریلیا، سری لنکا اور جنوبی افریقہ جیسی ٹیموں کا سیمی فائنل میں رسائی حاصل نہ کرپانا بھی ہمیں دیگر ٹیموں سےمنفرد بناتا ہے۔

اعجاز احمد نے کہا کہ طاہرحسین کمر میں تکلیف کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں حصہ نہیں لے رہے تاہم ان کے متبادل کا فیصلہ میچ کے  روز کیا جائے گا۔