شہید عظیم بلوچ کی دینی خدمات ناقابل فراموش ہیں،سید عبدالرشید

276
حیدرآباد:جماعت اسلامی کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری عبدالوحید قریشی، ضلعی امیر حافظ طاہر مجید اور فرہاد گل تعزیتی جلسے سے خطاب کررہے ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے کہا ہے کہ شہید عظیم بلوچ کی دینی و تحریکی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا، ان کا خلا پر ہونا بہت مشکل ہے۔ عظیم بلوچ سادگی اورمحبت کا پیکر تھے،عظیم بلوچ نے اپنی کرشماتی شخصیت سے کراچی سے لے کر کشمور تک لوگوں کو تحریک اسلامی سے جوڑا۔عظیم بلوچ کی شہادت پوری تحریک کے لیے ایک عظیم صدمہ ہے،ان کے غم نے تحریک اور تحریک سے باہر لاکھوں لوگوں کو غمزدہ کیا۔ اور شہادت کی موت اللہ اپنے محبوب بندوں کو عطا کرتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوںنے جماعت اسلامی لطیف کے تحت شہید عظیم بلوچ کے تعزیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ عظیم بلوچ کا کردار اپنا کر ہم اور آپ اللہ کے محبوب بندے اور راہ حق کے داعی بن سکتے ہیں۔ شہید عظیم بلوچ کیشخصیت اپنے آپ میں ایک انجمن تھی ۔عظیم بلوچ ایک مثالی داعی تھے، انھوں نے اپنی پوری زندگی کلمہ حق کو بلند کرنے کے لیے وقف کردی تھی اور اسی راہ میں اپنی جان دی۔ جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری و سابق رکن صوبائی اسمبلی عبدالوحید قریشی نے کہا کہ شہید عظیم بلوچ نے کم عمری میں ہی اسلامی جمعیت طلبہ سے اپنے تحریکی سفر کاآغاز کیا اور اس کے بعد جماعت اسلامی یوتھ،حزب المجاہدین سمیت جماعت اسلامی میں ضلعی اورصوبائی ذمے داریوں کو جانفشانی سے ادا کیا۔عظیم بلوچ نے بستی بستی جا کر اذان سحر دی اور لوگوں کو دین کی انقلابی دعوت کو پیش کرنے کا حق ادا کیا۔ جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے امیر حافظ طاہر مجید نے کہا کہ شہید عظیم بلوچ ایک دلیراورنڈرشخص تھے،اپنے پرائے ہر حلقے میں ہر دلعزیز تھے۔ان کے ماموں جن کا تعلق پی پی سے تھا ان کی نوجوانی کے ابتدائی ایام میں کہا کرتے تھے کہ عظیم جس طرف جائے گا،نمایاں رہے گا ۔ عظیم بلوچ اپنے نام کی طرح عظیم تھے، جنہوں نے اپنی ساری زندگی غلبہ دین کے لیے وقف کی ہوئی تھی، ان کی دینی و تحریکی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ تعزیتی اجلاس سے عظیم بلوچ کے چھوٹے بھائی اور صدر جماعت اسلامی یوتھ سندھ فرہاد گل نے کہا کہ عظیم بلوچ صرف میرے نہیں پوری تحریک کے بھائی تھے،آج مجھ سمیت تحریک اسلامی کے ہزاروں کارکنان ایک مخلص اور محبت کرنے والے بھائی اور دوست سے محروم ہو گئے ہیں۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد مطاہر خان ، نائب امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عبدالقیوم حیدر، جماعت اسلامی لطیف زون اے کے امیر سید ناصر علی کاظمی ، لطیف آباد زون بی کے امیر شیخ شوکت علی اور کوہسار زون کے امیر احمد مظہر بھی موجو د تھے۔