منشیات نے نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کر دیا،محمد حسین محنتی

598
کراچی: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نیوکراچی میں منشیات وجرائم کیخلاف قائم ایکشن کمیٹی کے عہدیداروںسے خطاب کررہے ہیں

کراچی( اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومتی تبدیلی کے دعوے کھوکھلے اور نوجوان بے روزگاری ومہنگائی سے اپنے مستقبل سے مایوس ہیں۔ بے راہ روی، چرس و منشیات نے نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کر دیا ہے۔ نوجوان نسل کی زندگی سے کھیل کر پیسے کو اپنا نصب العین بنانے والے اپنی آخرت کی فکر کریں، نشہ انسان کے لیے بہت خراب چیز ہے اس لیے تو اس کو حرام قرار دیا گیا ہے۔ معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے ایکشن کمیٹی کا قیام خوش آئند قدم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو کراچی میں منشیات و جرائم کے خلاف قائم مختلف برادریوں پر مشتمل ایکشن کمیٹی کے عہدیداران کی حلف برداری تقریب سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر کاٹھیا واڑ، انصاری، قریشی، میمن اور شاہ برادری کے نمائندے بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ تقریب سے صدر ایکشن کمیٹی محمد علی سموں ، حنیف جونیجو، محمد جاوید و دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ قرآن و سنت کے نفاذ اور اس پر عمل کے بغیر ملک و قوم ترقی نہیں کرسکتی۔ اپنے بچوں اور خاندان کو دین و دنیا کی تعلیم واچھے اخلاق سے آراستہ اور اصلاح معاشرے کے ذریعے ہی برائیوں کا خاتمہ اور نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ یہاں پرموجود تمام برادریوں نے قیام پاکستان کے لیے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔ اصلاح معاشرہ اور تبدیلی کا آغاز اپنی ذات اور گھر سے کریں گے تو پورا معاشرہ گل و گلزار ہوجائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت معاشرتی برائیوں کے خاتمے اور نوجوان نسل کے مستقبل سے کھیلنے والے بے حس لوگوں کے خلاف کارروائی کر کے اپنا فرض پورا کرے۔ منتخب عہدیداران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔