کورونا سے 563 چینی ہلاک‘ جاپان میں کروزشپ پھنس گیا

508
جاپان: کروز شپ پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کو ایمبولینس کے ذریعے طبی مراکز لے جایا جا رہا ہے

بیجنگ ؍ ٹوکیو (انٹرنیشنل ڈیسک) چین کے صوبے ہوبی میں کرونا وائرس سے ایک ہی دن میں مزید 73 افراد ہلاک ہو گئے، جس کے بعد اس مہلک وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 563 ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق گزشتہ روز کرونا وائرس کے 2987 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے تصدیق کی ہے کہ 5 فروری کو ملک بھر میں کیسز کی مجموعی تعداد 28 ہزار 18 ہو گئی ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق چین کے علاوہ اب تک 31 ممالک میں کرونا وائرس سے 258 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر ووہان سمیت چین کے مزید شہروں کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے جب کہ ہزاروں افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ صوبہ ہوبی کے علاوہ تیانجن، جنوب مشرقی صوبے ہیلونگجیانگ اور صوبہ گنزوہو میں بھی ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جب کہ ریلوے اسٹیشن اور ائرپورٹس بند اور سڑکیں تاحال سیل ہیں۔ دوسری جانب جاپان کی وزارت صحت نے بتایا کہ ٹوکیو کے جنوب میں بندرگاہ یوکوہاما پر کروز شپ لائنر پر سوار 10 افراد میں بھی وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 20 ہو گئی ہے، جنہیں ایمبولینسوں کے ذریعے طبی مراکز پر منتقل کردیا گیا ہے۔ اسی دوران جہاز پر سوار 3 ہزار 700 مسافروں اور عملے کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔