ترکی: برفانی تودہ گرنے سے 33 ریسکیو اہلکاروں سمیت 38 افراد ہلاک

402

انقرہ: ترکی کے صوبہ وان میں برفانی تودہ گرنے سے 33 ریسکیو اہلکار سمیت 38 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے صوبہ وان میں ایک مسافر بس برفانی تودے کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں 5 افراد ملبے تلے گئے، ان افراد کو ریسکیو کرنے کی کوششوں کے درمیان ایک اور برفانی تودہ ریسکیو اہلکاروں پر آگرا جس کے نتیجے میں 33 ریسکیو اہلکار ہلاک جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام نے تودے تلے دبے 33 اہلکاروں سمیت 38 افراد کی لاشیں نکال لی ہیں جبکہ پہلے حادثے میں دبنے والے 8 افراد کو زندہ بچالیا گیا ہے۔

ترک ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی 300 سے زائد رضاکاروں کو ریسکیو کے لیے فوری طور پر جائے وقوعہ پر بھیج دیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق برف باری کے باعث ریسکیو آپریشن میں دشواری کا سامنا ہے جبکہ متعدد افراد کی تلاش جاری ہے۔