شام نے اسرائیلی حملے کو ناکام بنا دیا

275

بیروت: غیر ملکی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق شام کے فضائی دفاع نے دمشق کے قریب اسرائیلی میزائل حملےکو ہوا میں ہی تباہ کردیا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی نے کہا کہ حملہ گولان ہائٹس  میں واقع مقبوضہ شام کی فضائی حدود سے کیا گیا تھا لیکن شام کی فضائی دفاع نے متعدد میزائلوں کو اپنے ہدف تل پہنچنے سے قبل ہی تباہ کردیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے نے یہ  واضح کیا  کہ اسرائیلی حملوں نے ‘ ال کسوہ ‘ کے علاقے کو نشانہ بنایا تھا جبکہ  ماضی میں مارج السلطان اور جِسر بغداد کو بھی اسرائیلی فوج کئی بار  نشانہ بنا چکی ہے۔ اس حملے سے متعلق اسرائیلی فوج کے ترجمان کا ابھی تک کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ نومبر میں اسرائیلی فوج نے شام کے سرکاری فوجی اڈوں  اور ایرانی افواج کے خلاف کئی ہوائی حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی جس میں 16 غیر ملکیوں سمیت 23 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

سن 2011 میں شام کے تنازعے کے آغاز کے بعد سے اسرائیل  یہودی ریاست کے دشمن شام کی سرکاری فوج، اس کے اتحادیوں اور حزب اللہ گروپ کے خلاف کئی آپریشن کر چکا ہے۔

جنوری کے وسط میں شام کے ٹی 4 فوجی ہوائی اڈے پر حملے کا الزام بھی دمشق نے اسرائیلی فضائیہ پر عائد کیا تھاجس نے ماضی میں بھی اس مقام کو  حملے کا نشانہ بنایا تھا۔

شام میں بیرونی اور اندرونی ملکی حملوں میں اب تک  3 لاکھ 80 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں 115,000 سے زیادہ شہری شامل ہیں۔