امریکی صدارتی امیدوار برنی سینڈرز نے پاکستانیوں کو خوش کردیا

727

آئندہ صدارتی الیکشن میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف کھڑے ہونے والے برنی سینڈرز نے انتخابی مہم کے پوسٹرز اردو زبان میں جاری کر کے پاکستانیوں کو خوش کردیا۔

غیر ملکی ذرائع کے مطابق امریکی صدارتی امیدوار برنی سینڈرز نے ایک مہم کے پوسٹرز کو اردو زبان میں لکھے گئے پیغام کے ساتھ جاری کیا جس نے پوری دنیا میں پاکستانیوں کے دل جیت لئے۔

پوسٹر میں لکھا ہے کہ برنی  کے سب کیلئے میڈیکئر پروگرام میں  دانتوں کی حفاظت کے علاوہ آنکھوں کی بینائی اور سماعت سے متعلق نگہداشتی امور شامل ہیں۔

اس سے قبل ستمبر 2019 میں برنی سینڈرز کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں  انہوں نے سندھی ٹوپی اور اجرک پہنی ہوئی تھی جسے ایک پاکستانی شخص نے انہیں  پیش کیا تھا۔ اس کے علاوہ برنی سینڈرز نے وادی کشمیر میں بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کرنے اور مواصلات کی بحالی کا مطالبہ بھی  کیا تھا۔

انہوں نے بھارتی حکومت کے شہریت ترمیمی قانون  کے خلاف مظاہرین کےحوالے سے کئے گئے  اقدامات کو ‘ناقابل قبول‘ قرار دیتے ہوئے امریکہ پر بھی زو ر دیا تھا  کہ وہ خطے میں بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔

سینڈرز نے امریکہ میں مسلم کمیونٹی کے خلاف بڑھتے ہوئے نفرت انگیز جرائم کی مذمت کرتے ہوئے اسے “گھریلو دہشت گردی” قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ جب ہمارے پاس ایسا صدر اور انتظامیہ ہو جو یہ مانتا ہے کہ اسلام ہم سے نفرت کرتا ہے تو ایسی حکومت کے خلاف ہمیں آواز اٹھانا ہوگی۔