مہمان ٹیم بہت اچھی ہے ہمیں سرپرائز کر سکتی ہے،اظہر علی

244

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم بہت اچھی ہے اور ہمیں سرپرائز کر سکتی ہے،انہیں ہرانے کیلئے ہمیں اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔

راولپنڈی میں پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی  کردی گئی، پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی اور بنگلا دیش کے کپتان مومن الحق نے ٹرافی کی رونمائی کی۔

پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دو میچوں پر مشتمل آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا میچ کل سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

اظہر علی کی پریس کانفرنس

ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ بہت اچھا تھا اور اس میچ کے آخری دن لوگوں کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے لیے آئی تھی،اس میچ کا نتیجہ نہیں آیا لیکن تماشائیوں کو گراؤنڈ میں  دیکھ کرخوشی ہوئی۔

کپتان اظہر علی نے کہا کہ  کہ پاکستان کی موجودہ ٹیم میں بے پناہ صلاحیت ہے لیکن فتح وہی ٹیم حاصل کرتی ہے جو میدان میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے لہذا فتح کے لیے ہمیں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی گزشتہ ایک سال کی کارکردگی سے مطمن نہیں ہیں۔

اظہر علی نے فواد عالم کی پہلے ٹیسٹ میں شمولیت سے متعلق سوال پراظہر علی نے کہا کہ فواد عالم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر اسکواڈ میں آئے ہیں اور اسکواڈ میں موجود تمام ہی افراد کسی بھی موقع پر فائنل الیون میں آسکتے ہیں۔

انہوں نےفہیم اشرف کی اسکواڈ میں شمولیت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنا بالنگ اٹیک جس طرح تیار کر رہے ہیں تو ہماری نظریں ایک فاسٹ بالنگ آل راؤنڈر کی تیاری پر مرکوز ہیں تاکہ وہ ہمیں چوتھے فاسٹ بالر کے طور پر مدد کر سکے،بیرون ملک کھیلتے ہوئے ایک چوتھے فاسٹ بالر کی مدد درکار ہوتی ہے کیونکہ اگر تین فاسٹ بالر کھیل رہے ہوں تو انہیں بار بار آنا پڑتا ہے جس سے وہ جلد تھک جاتے ہیں۔

اظہرعلی  نے کہا کہ ٹیسٹ میچ جیتنا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا،ٹیسٹ میچ کھیلتے ہوئے ہمیں اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوتا ہے،بنگلہ دیش کی ٹیم بہت اچھی ہے اور ہمیں سرپرائز کر سکتی ہے،ان کی ٹیم میں میچز ونرز بھی ہیں لہذا ہم انہیں آسان تصور نہیں کر رہے۔

بنگلہ دیش کے کپتان کی گفتگو

بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان مومن الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف جیت کی لگن سے میدان میں اتریں گے، ہم ہر شعبے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور پاکستان کے خلاف جیت کی لگن سے میدان میں اتریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اپنے کھیل میں بہتری لائیں،اچھے کھیل کے لیے پر امید ہیں پاکستان ہر طرح سے تعاون کر رہا ہے،ہر ٹیم کا کھلاڑی اس کی ٹیم کے لیے اہم ہوتا ہے،ہمارا فوکس کرکٹ پر ہے کوشش کرینگے اچھا کھیل پیش کریں،ہم نے پچ کا بغور جائزہ لیا ہے،میچ سے قبل فیصلہ کرینگے پہلے کسے کھلایا جائے۔