جہاد کشمیر کو کشمیری عوام سے غداری قرار دینا درست نہیں، جماعت اسلامی سندھ

395
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ملک بھر میں کشمیری عوام سے یکجہتی کے لیے صوبائی و ضلعی انتظامیہ، سیاسی، مذہبی، تاجر تنظیموں اور شہریوں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں، سیمینار اور تقاریب کا انعقاد کیا گیا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا

ٹنڈوالہٰیار، میرپور خاص، جیکب آباد (نمائندگان جسارت) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی آزادی کی راہ پر چلنے والوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتی ہے حکومت پاکستان کشمیریوں کا کھل کر ساتھ دے بھارتی فوج کے 6ماہ سے محاصرے کے دوران ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کے باوجود کشمیری نوجوانوں کے دلوں میں آزادی کی شمع پہلے سے زیادہ روشن ہے اور کشمیری نوجوان شہادت کے ایمانی جذبے سے ظالم مودی حکومت کے مظالم برداشت کررہے ہیں مگر آزادی کی جدوجہد سے قطعی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں مودی حکومت کاآخری زور بھی وادی میں آزادی کا سورج طلوع ہونے سے نہیں روک سکتا۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر محمد ممتاز حسین سہتو نے یوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 85 لاکھ انسان 6 ماہ سے قید ہیں، 13ہزارنوجوان لاپتا ہیں ہماری حکومت جہاد کشمیر کو کشمیری عوام سے غداری کہہ رہے ہیں کشمیر ہماری شہ رگ ہے کشمیر یوں غداری پاکستان سے امت مسلمہ سے کلمہ سے غداری ہے کشمیر حکمرانوں کام نہیں پاکستان کا مسلہ ہے کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ے بھارت اگر فوج بھیج سکتا ہے تو پاکستان کیوں نہیں۔ ریلی سے امیر ضلع دیدار حسین بیرانی، نائب امیر ضلع حاجی محمد شفیق، نائب امیر جماعت اسلامی ٹنڈوالہٰیار راؤ جاوید علی نے کہا ہے کہ کشمیر دعا سے نہیں بھارت کی مرمت سے آزاد ہوگا۔ بھارت کا دماغ اور کشمیر کی آزادی کا واحد حل جہاد ہے، دنیا اس وقت تک ہماری مدد نہیں کرے گی جب تک پاکستان خود مذمت اور بیانات سے آگے نہیں بڑھے گا۔ کشمیری عوام 5 اگست سے لاک ڈاؤن کا شکار ہیں۔ بچے، بوڑھے، مرد و خواتین ہر ایک بھارت کے بدترین مظالم کا شکار ہے۔ وہاں عزت، جان، مال کسی کا کچھ محفوظ نہیں، جب تک ہم کشمیر کے لیے اٹھیں گے نہیں کشمیر آزاد نہیں ہوگا اور دنیا بھی ہماری مدد بھی اسی وقت کرے گی جب ہم خود آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں، ہمیں بھی اس جنگ کو اپنی جنگ سمجھنا ہوگا، سری نگر اور مقبوضہ وادی میں جگہ جگہ یہ جنگ اہل کشمیر کے ساتھ لڑنا ہوگی۔ ملک بھر کی طرح میرپورخاص میں بھی یوم یکجہتی کشمیر نہایت جو ش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، دن بھر ریلیاں اور جلوس نکالے گئے۔ اس موقع پر شہر کے مختلف مقامات سے ریلیاں نکالی گئیں جو کہ میرپورخاص پر یس کلب پر پہنچ کر ختم ہوئیں۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر میرپورخاص پر یس کلب کے سامنے جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتو، حاجی نور الٰہی مغل، پاکستان تحریک انصاف کے سید ممتاز علی شاہ، آفتاب قریشی، پاکستان پیٹر یاٹک یوتھ میرپورخاص، ڈی او ایم ڈیولپمنٹ آف پاکستان، ایم کیو ایم کے ڈسٹرکٹ آرگنائزر خوشی محمد مغل، آفاق احمد خان، سابق رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر ظفر احمد کمالی، بلدیہ میرپورخاص کے چیئرمین کامران شیخ، وائس چیئرمین فرید احمد، پاک سرزمین پارٹی کے رضی انصار، وسیم قائم خانی، ہومین رائٹس کمیشن فارپیس اینڈ جسٹس، میرپورخاص یوتھ الائنس کی جانب سے کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے تمام دُنیا میں پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد عالمی ضمیر کو مقبوضہ کے باسیوں پر ہونے والے ظلم و ستم اور حق خوداریت اور ان کے دکھوں کا احساس دلانا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کا شمار دُنیا کے مظلوم ترین علاقوں میں ہوتا ہے، ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کی شہادت کے باوجود بھارت اپنی جارحیت ظلم اور ہٹ دھرمی بڑھاتا جارہے۔ ہم اقوام متحدہ سے اور پاکستانی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیر کو جلد از جلد پاکستان کا حصہ بنایا جائے اور کشمیریوں کو بھارتی ظلم سے آزادی دلائی جائے۔ اس موقع پر کشمیر بنے گاپاکستان کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔ جیکب آباد میں یوم کشمیر کے موقع پر جماعت اسلامی کے ساتھ مختلف تنظیموں کی ریلیاں، شہر کا گشت، کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر نظام الدین میمن، ضلعی امیر دیدار علی لاشاری، جمعیت علما اسلام کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، حافظ میر محمد، آئی ایس او کے اللہ بخش، ایم ڈبلیو ایم کے علامہ مقصود علی ڈومکی، نذیر احمد، مہران سوشل فورم کے عبدالحئی سومرو، سنی تحریک کے عبدالغفار قادری، پاکستان پیٹریاٹک کے حبدار جعفری، پی ٹی آئی کے راز خان پٹھان کی قیادت میں الگ الگ ریلیاں نکال کر کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ شرکا نے بھارتی مظالم اور کمشیریوں کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے شہر کے راستوں پر مارچ کیا۔ اس موقع پر بھارتی پرچم اور مودی کا پتلا بھی نذر آتش کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بحریہ کالج میں یوم کشمیر کے سلسلے میں تقریب منعقد کی گئی۔