ملائیشیا: کروڑوں ڈالر کی کرپشن کا الزام‘ سابق خاتون اول کی عدالت میں پیشی

355
کوالالمپور: ملائیشیا کی سابق خاتون اول پیشی کے موقع پر عدالت میں داخل ہو رہی ہیں

کوالالمپور (انٹرنیشنل ڈیسک) ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کی اہلیہ کو کروڑوں ڈالر کی کرپشن کے الزام کے تحت عدالت میں پیش کردیا گیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق سابق خاتون اول بدھ کے روز اُسی عدالت میں پیش ہوئیں جہاں اُن کے شوہر سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کو پیش کیا گیا تھا۔ اس موقع پر استغاثہ نے عدالت میں دلائل دیے کہ روسمہ منصور کے پاس کوئی سرکاری عہدہ نہیں تھا، لیکن اس کے باوجود وہ سرکاری فیصلہ سازی میں مداخلت کرتی تھیں۔ ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر گوپال سری رام نے دلائل دیے کہ سابق خاتون اول نے شمسی توانائی کے ایک منصوبے میں ایک ارب 25 کروڑ رنگٹ جو تقریباً 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے برابر بنتے ہیں رشوت وصول کی۔ واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم کی اہلیہ پر گزشتہ سال ملک کے 369اسکولوں میں شمسی توانائی سے چلنے والے پینل نصب کرنے کے منصوبوں میں خورد برد کے 2 الزامات عائد کیے گئے تھے۔