مشرق وسطیٰ میں امریکی جنگیں ختم کریں گے،صدر ٹرمپ

296
واشنگٹن: امریکی صدر کانگریس کے دونوں ایوانوں سے ’اسٹیٹ آف دی یونین‘ خطاب کررہے ہیں‘ چھوٹی تصویر میں اسپیکر نینسی پلوسی ٹرمپ کی تحریری تقریر پھاڑ رہی ہیں

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کے دونوں ایوانوں سے ’اسٹیٹ آف دی یونین‘ خطاب میں کہا ہے کہ ہم دہشت گردوں اور داعش کے سربراہ ابو بکر بغدادی سے چھٹکارا حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور اب ہماری انتظامیہ امریکی شہریوں کی زندگی کے تحفظ کے لیے مشرق وسطیٰ میں امریکی جنگوں کو ختم کرنے پر کام کررہی ہے۔ ٹرمپ نے اپنے خاطب میں مزید کہا کہ امریکی قومی سلامتی کا دفاع جاری رہے گا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ افغانستان سے فورسز کی واپسی پر کام ہو رہا ہے۔ اوباما دور حکومت پر تنقید کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ گزشتہ انتظامیہ کے 8 سالہ دور میں تین لاکھ افراد کو روزگار سے ہاتھ دھونا پڑے تھے جب کہ میری انتظامیہ کے صرف 3 برس میں 35 لاکھ افراد کو روزگار ملا ہے۔ ریگولیٹری کم کرنے کی ہماری جرات مندانہ مہم کی وجہ سے امریکا دنیا میں تیل اور گیس کا سب سے بڑا پیداواری ملک بن چکا ہے۔ اس سے قبل صدر ٹرمپ جب خطاب کے لیے آئے تو ایوان نمایندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے ان سے مصافحے کے لیے ہاتھ بڑھایا تاہم صدر انہیں نظر انداز کرتے ہوئے آگے بڑھ گئے۔ واضح رہے کہ ٹرمپ نے گزشتہ روز اسی ایوان میں خطاب کیا جہاں18 دسمبر کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور مؤاخذے کی کارروائی میں رکاوٹیں ڈالنے کے الزامات پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔ آخر میں نینسی پلوسی نے صدر ٹرمپ کی تقریر کی تحریری کاپی پھاڑ دی۔ اس حوالے سے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیگر آپشنز کے مقابلے میں یہ ایک مہذب حرکت تھی۔