کورونا سے ہلاکتوں میں مزید اضافہ مرض تاھال لاعلاج

318
ووہان (چین) : کورونا وائرس سے بچاؤ کی ادویات اسپتال پہنچائی جا رہی ہیں‘ چھوٹی تصویر میں مریض کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ بیجنگ میں حفاظتی ماسک کے خریدار قطار بنائے ہوئے ہیں

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین میں خطرناک کورونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 490 ہو گئی ہے۔ بیجنگ سے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 65 افراد کے مارے جانے اور 4 ہزار نئے مریضوں میں وائرس کی تشخیص کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کی مجموعی تعداد 24 ہزار 324 تک پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب چین سے باہر تاحال 2 افراد کی وائرس کی وجہ سے ہلاکت کی خبریں سامنے آ چکی ہیں جب کہ کئی ممالک اپنے شہریوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے چین سے نکالنے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ابھی تک اس مہلک وائرس کے خلاف کوئی ویکسین تیار نہیں کی جا سکی۔ فی الحال ایک ہی حل موجود ہے کہ وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے اقدامات کیے جائیں۔ دوسری جانب روس نے کہا ہے کہ اسے چین میں پھیلنے والے مہلک وائرس کے علاج کے لیے ویکسین کی تیاری میں 8 سے 10 ماہ لگیں گے۔ وزیر صحت میخائل مراشکو نے بدھ کے روز بیان دیتے ہوئے کہا کہ ویکسین کی تیاری کوئی مختصر دورانیے کا عمل نہیں۔ اُدھر عالمی ادارہ صحت نے وائرس کے خلاف چینی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ حکومت نے ووہان سمیت ملک بھر میں جو اقدامات کیے ہیں، وہ وبا کو پھیلنے سے روکنے کا اچھا طریقہ ہے۔