صہیونی فوج کی مظاہرین پر وحشیانہ فائرنگ‘ کئی فلسطینی زخمی

271
مقبوضہ بیت المقدس: قابض اسرائیلی فوج دیر قدیس قصبے میں فلسطینیوں کے مکانات مسمار کررہی ہے۔ چھوتی تصاویر گھروں میں چھاپوں کے دوران توڑ پھوڑ کی ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر اریحا میں فلسطینیوں کے پُر امن جلوس پر وحشیانہ فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ سے کئی شہری زخمی ہوگئے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق مظاہرین اور صہیونی فوج کے درمیان عقبہ کیمپ میں تصادم ہوا۔ قابض اہل کاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج بھی کیا اور 32 سالہ فلسطینی عماد حسن ابو حماد کو حراست میں لے لیا۔ادھر قابض فوج نے غزہ کے جنوبی علاقے خان یونس میں مقامی کاشت کاروں پر فائرنگ کی۔ مشرقی جبالیا کے مقام پر فائرنگ کے باعث صورت حال کشیدہ رہی اور فلسطینی کاشت کارگھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے رام اللہ کے مغرب میں واقع جیل عوفر میں قیدیوں پر وحشیانہ تشدد کیا اور 38 اسیروں کو دوسری جیلوں میں ڈال دیا۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں الزام عائد کیا گیا کہ جیل میں قید 31 سالہ فلسطینی ربیع عصفور نے ایک جیلر پرحملہ کرکے اسے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ اسرائیلی فوج کے تشدد سے 4فلسطینی زخمی ہوئے، جب کہ 38 فلسطینیوں کو ریمون، نقب، نفحہ اور جنوبی فلسطین کی ایلون جیل منتقل کردیا گیا۔ واضح رہے کہ عوفر جیل میں بچوں سمیت ایک ہزار کے زائد فلسطینی پابند سلاسل ہیں۔