مودی کے دماغ اور کشمیر کی آزادی کا واحدعلاج جہاد ہے، محمد حسین محنتی

820
نوابشاہ: جماعت اسلامی کے تحت صوبائی امیر محمد حسین محنتی کی زیر قیادت یوم یکجہتی کشمیر ریلی نکالی جارہی ہے

کراچی( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے تحت کراچی تا کشمور بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم عزم آزادی کشمیر بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔مختلف رہنماؤں نے ریلیوں کی قیادت کی اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیاگیا، بھارت میں انسانیت سوز مظالم کی مذمت اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کے لیے قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔ امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمدحسین محنتی نے حیدرآباد اور نواب شاہ میں ’’یوم عزم آزادی کشمیر‘‘ ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیرصرف دعاسے نہیں بھارت کی مرمت سے آزاد ہو گا، مودی کے دماغ اورکشمیر کی آزادی کاواحد علاج جہاد ہے ،دنیااس وقت تک ہماری مددنہیں کرے گی جب تک پاکستان خودمذمت اوربیانات سے آگے نہیں بڑھے گا۔ مسئلہ کشمیرکا حل مذاکرات نہیں بلکہ جہاد ہے، 72سال سے مذاکرات جاری ہیں مگر کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل کرنے کے بجائے کشمیرکو دنیا کی سب سے بڑی جیل بناکر80 لاکھ کشمیریوں کی زندگی تنگ کردی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی سے چترال تک پوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہاریکجہتی کررہی ہے ،کشمیر ی عوام 5اگست سے لاک ڈائون کاشکارہیں،کسی کی عزت ،جان ،مال محفوظ نہیں ہے جب تک ہم کشمیر کے لیے اٹھیں گے نہیں کشمیر آزاد نہیں ہوگا۔انہوں نے مزیدکہاکہ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں ہمیں بھی اس جنگ کواپنی جنگ سمجھناہوگااور سری نگر اور مقبوضہ وادی میں جگہ جگہ یہ جنگ اہل کشمیر کے ساتھ لڑناہوگی۔امیرجماعت اسلامی ضلع حیدرآبادحافظ طاہرمجیدنے کہاکہ پوری قوم اور جماعت اسلامی کشمیریوں کی پشتیان ہے۔ افواج پاکستان کے سپریم کمانڈر کی حیثیت سے صدر پاکستان کوکشمیر کی آزادی کے لیے راست اقدام اٹھاناچاہیے، مجاہدین کواجازت اور افواج کومقبوضہ وادی میں داخل کرناہوگا۔ میرپورخاص میں یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی سندھ ممتاز حسین سہتو نے کہا کہ کشمیر جغرافیائی اور نظریاتی طور سے کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں رہا اور کشمیری عوام پر بندوق کی نوک پر قبضہ کشمیر کے غیور عوام نے مسترد کردیا ہے۔ برہان مظفر وانی کی شہادت نے تحریک آزادی کشمیر کو نیا موڑ دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان بھارت کا کشمیر پر غاصبانہ قبضہ ختم کرانے کے لیے جہاد کا اعلان کرے۔ ریلی سے امیر جماعت اسلامی میرپور خاص حاجی نور الٰہی مغل، جنرل سیکرٹری عاصم شیخ، ناظم جمعیت طلبہ عربیہ حافظ خالق کمبہار، ناظم اسلامی جمعیت طلبہ ڈاکٹر اسامہ رسول بلوچ نے بھی خطاب کیا، ریلی میں شہریوں بزرگوں نوجوانوں اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ لاڑکانہ میں جماعت اسلامی کے تحت یکجہتی کشمیر ریلی سے جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹر ی کاشف سعید شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسئلہ کشمیر پرحکومتی بے حسی اوروزارت خارجہ کی کارکردگی افسوس ناک ہے۔اقوام متحدہ کا مشرقی تیمور اورسوڈانی عیسائی ریاست کی آزادی کے مقابلے میںدہراکرداران کی تعصب پرمبنی پالیسیوں کا عکاس ہے۔دریں اثنا جیکب آبادمیں صوبائی نائب امیر پروفیسر نظام الدین میمن،کندھ کوٹ میں عبدالحفیظ بجارانی،مٹھی میں ایم پی اے سید عبدالرشید ،بدین میں صوبائی نائب قیم مولانا عبدالقدوس احمدانی اورٹھٹھہ وگھارو میں الطاف ملاح ، عبدالسمیع ہالیپوتہ کی قیادت میںریلیاں نکالی گئیں ۔