وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیراہتمام امتحانات کا 60 سالہ جائزہ

2018

مولانا طلحہ رحمانی
پاکستان میں مدارس دینیہ کا سب سے بڑا نمائندہ پلیٹ فارم وفاق المدارس العربیہ ہے، بیس ہزار سے زائد مدارس میں 25لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات اور ڈیڑھ لاکھ کے لگ بھگ علماوقراوابستہ ہیں۔ کئی گراںقدر منفرد شعبوں کا حامل یہ عظیم ادارہ 6دہائیوں سے زائد عرصے سے دین اسلام کی عالی خدمات کے لیے افراد سازی سمیت تعلیمی و تربیتی میدان میں تاریخ رقم کررہا ہے۔ وفاق المدارس العربیہ کے قیام کے بعد 1380ھ (1960ء) سے لے کر 1440ھ (2019ء) تک درس نظامی کے درجات میں پورے ملک میں یکساں نظام کے تحت منفرد خصوصیات کے ساتھ سالانہ امتحانات کا اہتمام کررہا ہے۔ ارتقائی سالوں میں درس نظامی کے علیا درجات کے امتحان سے شروع ہوا اور اب درس نظامی کے 6درجات (ثانویہ عامہ، خاصہ، خامسہ، سادسہ، سابعہ، ثامنہ یعنی دورہ حدیث) کے طلبہ کثیر تعداد میں شریک امتحان ہوتے ہیں۔ جبکہ شعبہ بنات یعنی طالبات کے 6 سالہ نصاب کے تمام درجات کے سالانہ امتحان بھی ادارے کے تحت ہوتے ہیں۔
گزشتہ 60سالوں کے دوران شعبہ درس نظامی کے مختلف درجات سے، جن طلبہ نے امتحانات میں شرکت کی ان تفصیل یوں ہے۔ عالمیہ دوم بنین ( مساوی ایم اے) کے امتحان میں 1960ء سے 2019ء تک ایک لاکھ 64ہزار 215 نے امتحان میں شریک ہوکر سند فراغت حاصل کی۔ عالمیہ اول بنین (درجہ سابعہ/موقوف علیہ) کو 1430ھ(2009ء) میں وفاق المدارس نے سالانہ امتحان میں شامل کیا۔ اس درجہ میں ابھی تک 95 ہزار 218 نے شرکت کی۔ عالیہ دوم بنین (مساوی بی اے) کا امتحان وفاق المدارس کے تحت 1405ھ(1985ء) سے شروع ہوا۔ اس درجے میں اب تک شرکائے امتحان کی تعداد ایک لاکھ 85ہزار 27ہے۔ عالیہ اول بنین (درجہ خامسہ) کے امتحان کا اجرا 1437ھ(2016ء) میں کیا گیا۔ اس درجے میں امتحان میں شریک ہونے والے طلبہ کی تعداد 49ہزار 749ہے۔ خاصہ بنین (مساوی ایف اے) کے امتحان کو وفاق المدارس نے 1404ھ/1983)ء ) میں شامل کیا گیا۔ اس درجے میں اب تک 2لاکھ 74 ہزار 187 طلبہ شریک امتحان ہوئے۔ عامہ بنین (مساوی میٹرک) کا امتحان وفاق المدارس نے 1404ھ(1984ء) میں شروع کیا۔ اس درجے میں اب تک 4لاکھ 20ہزار 745 طلبہ نے امتحان دیا۔ تقریبا 31برس (1409ھ/1989ء) قبل عصری علوم کے لیے متوسطہ (مساوی مڈل)کا 3سالہ نصاب بھی مرتب کر کے سالانہ امتحان میں شامل کیا گیا۔ اس درجے میں اب تک 2لاکھ 87ہزار 698 طلبہ امتحان میں شریک ہوئے۔
1410ھ/1990ء میں وفاق المدارس العربیہ نے ’مدارس بنات‘کے شعبے کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اکابر وفاق المدارس نے وقت کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے بچیوں کی اسلامی تعلیم وتربیت کے لیے دور اندیش فیصلہ کیا۔ انہی کاوشوں کے نتائج ہیں کہ آج وفاق کی 60سالہ تاریخ میں 30 سال میں بنات کے درجات میں بنین کی نسبت تعداد میں نمایاں اضافہ کی صورت میں ہمارے سامنے ہے۔
بنات کے مدارس و جامعات کے امتحانات کے اعداد وشمار کے مطابق عالمیہ دوم بنات (مساوی ایم اے) 1414ھ /1994ء سے 1440ھ/2019ء تک 2لاکھ 4ہزار 991 طالبات نے عالمات کی سند حاصل کی۔ عالمیہ اول بنات کا اجرا3 برس قبل (1438ھ/2017ء) نئے مرتب کردہ نصاب کے مطابق امتحان وفاق المدارس کے تحت شروع ہوا۔ اس دوران 49ہزار 707 طالبات نے امتحان دیا۔ عالیہ دوم بنات (مساوی بی اے) میں (1413ھ/1993ء)قدیم نصاب سے جدید نصاب تک 2لاکھ 76ہزار 880 طالبات نے امتحان میں شرکت کی۔ عالیہ اول بنات میں جدید نصاب کے مطابق 1437ھ/2016ء سے 4سال میں 92ہزار 339 طالبات نے امتحان دیا۔ خاصہ دوم بنات ( مساوی ایف اے) میں قدیم سے جدید نصاب کے مطابق 1412ھ/1992ء سے اب تک 3لاکھ 76ہزار 472 طالبات نے امتحان میں شرکت کی۔ خاصہ اول بنات قدیم و جدید نصاب کے مطابق 1437ھ/2016ء سے اب تک ایک لاکھ 79ہزار 514 طالبات نے امتحان میں شرکت کی۔ عامہ بنات (مساوی میٹرک) میں اولین نصاب کے مطابق 1410ھ/1990ء سے اب تک 4لاکھ 26ہزار 931 طالبات نے امتحان میں شرکت کی۔ اعداد و شمار کے مطابق شعبہ تحفیظ کے بعد سب سے زیادہ تعداد اس درجہ میں واضح ہے۔
اسی طرح زندگی کے دیگر شعبوں میں مصروف مرد وخواتین کی ضروری دینی رہنمائی کے لیے 2سالہ شارٹ ڈپلوماکورس ’دراسات دینیہ‘ کو بھی وفاق المدارس نے (1425ھ/2004ء) میں رائج کر کے ان درجات کو بھی سالانہ امتحان میں شامل کیا۔ اس شعبے کے تحت اب تک ایک لاکھ 22ہزار 797 طلبہ و طالبات امتحان میں شریک ہوچکے ہیں۔ 1434ھ/2013ء میں طلبہ و طالبات دونوں کے لیے شعبہ تجوید کے 2شعبوں ’تجوید للعلماء والعالمات‘ اور ’’تجوید للحفاظ والحافظات‘‘ کو بھی سالانہ امتحانات میں شامل کیا گیا۔ شعبہ تحفیظ کا اجرا1402ھ/1982ء میں کیا گیا تھا اور اس شعبے میں لاکھ ہزار 308 طلبہ و طالبات نے حفظ قرآن مجید کی تکمیل کرکے امتحان کی سعادت حاصل کی۔
جن درجات میں وفاق المدارس کے تحت سالانہ امتحان لیا جاتا ہے ان کی تعداد 22 بنتی ہے۔ ان درجات میں گزشتہ سال تقریباً 4لاکھ طلبہ و طالبات شریک ہوئے۔ وفاق المدارس کے نظام امتحان، جس کی ابتدا1380ھ/1960ء سے ہوئی، مجموعی طور پر اس 60سالہ امتحانی تاریخ میں تمام درجات میں شرکائے امتحان کی مجموعی تعداد 45لاکھ 14ہزار 256 بنتی ہے۔ ان 22درجات میں شعبہ تحفیظ میں نتائج 4مراتب (ممتاز، جیدجدا، جید، مقبول )کے تحت جاری ہوتے ہیں اور دراسات دینیہ، تجوید للعلماء والعالمات اورتجوید للحفاظ والحافظات میں ملکی سطح پہ پوزیشن کا اجراکیا جاتاہے۔ دیگر تمام درجات میں ملکی وصوبائی سطح پہ اول، دوم اور سوم پوزیشن جاری ہوتی ہیں۔ صوبائی پوزیشن کا اجرا وفاق المدارس نے 1433ھ/2012ء سے کیا۔ گزشتہ کئی سالوں سے وفاق المدارس کے سالانہ امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے اعزازی نشان ( شیلڈ) دینے کی تقریبات کا اہتمام کررہا ہے۔ اس سے قبل آخری تقریبات ملک کے صوبائی مقامات پہ 9سالہ (1426ھ سے 1435ھ ) پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کے اعزاز میں منعقد کی گئیں تھیں، جس میں قائدین وفاق سمیت اکابر و مشائخ نے شریک ہوکر اعزازات تقسیم کیے۔ گزشتہ تقاریب میں اکثر ملکی سطح کے پوزیشن ہولڈر تھے، جب کہ صوبائی سطح کے 2سال کے پوزیشن ہولڈر زکو بھی پہلی مرتبہ شامل کیا گیا۔
19/ 20محرم الحرام 1440ھ موافق 30/ ستمبر و یکم اکتوبر 2018ء کو وفاق المدارس کی مجلس عاملہ کا اجلاس (منعقدہ دارالعلوم کراچی) میں 5سالہ پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کے اعزاز میں تقریبات منعقد کرنے کا فیصلہ ہوا۔ دیگر ضروری امور کی وجہ سے رواں برس 6سالہ پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقریبات کی حتمی ترتیب کا اعلان کردیا گیاہے۔ ان تقریبات میں ملکی و صوبائی سطح کے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کو نشان اعزاز و دیگر انعامات دینے کا فیصلہ کیا گیا، جب کہ پہلی مرتبہ ان مدارس و جامعات کو بھی ’نشان اعزاز برائے حسن کارکردگی‘ دینے کا فیصلہ کیا گیا جن کے طلبہ و طالبات نے پوزیشن حاصل کی ہیں۔ مزید خوش آیند فیصلہ یہ بھی ہوا کہ جن مدارس و جامعات کی 10سے زائد پوزیشن آئی ہیں ان کو علاحدہ خصوصی اعزاز بھی دیا جائے گا۔ اس سلسلے کی پہلی تقریب صوبہ خیبرپختونخواہ میں 12/جنوری 2020ء￿ بروز اتوار صبح 10بجے جامعہ امدادالعلوم درویش مسجد پشاور میں منعقد ہوئی، جس میں 1435ھ سے 1440ھ تک ملکی و صوبائی پوزیشن ہولڈر 110 مدارس کے 341 طلبہ و طالبات کو نشان اعزاز دیا گیا۔اس میں 112ملکی اور 229صوبائی پوزیشن ہولڈر شامل تھے۔ 110 مدارس کے علاوہ 3جامعات کو اعلیٰ ترین کارکردگی پر خصوصی نشان اعزاز بھی دیا گیا۔ دوسری تقریب جامعہ اشرفیہ لاہور میں منعقد ہوئی۔ صوبہ پنجاب کے 105 مدارس و جامعات کے 350 طلبہ و طالبات نے پوزیشن حاصل کیں۔ مجموعی طور پر اس تقریب میں 350خوش نصیب طلبہ و طالبات سمیت 105 مدارس و جامعات کو بھی نشان اعزاز سے نوازاگیا۔ اعلیٰ تعلیمی کارکردگی پر صوبہ پنجاب کی 5جامعات کو’نشان اعزاز برائے حسن کارکردگی‘ بھی دیا گیا۔
صوبہ سندھ کی تقریب ان شاء اللہ 6 فروری 2020ء بروز جمعرات صبح10 بجے جامعہ علوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی میں ہوگی۔ صوبہ سندھ کے 56 مدارس و جامعات کے طلبہ و طالبات نے ملک بھر میں سب سے زیادہ 418 پوزیشنز حاصل کر کے ریکارڈ قائم کیا۔ اس میں بنین 105 اور بنات 67 کے ساتھ مجموعی ملکی پوزیشز کی تعداد 172 سب سے نمایاں ہے۔ صوبائی 246 کی تعداد میں 144 بنین اور 102 بنات کی پوزیشز ہیں۔ مجموعی طور پر 10سے زائد پوزیشنز حاصل کرنے والے وہ ادارے جن کو اعلیٰ کارکردگی پر خصوصی نشان اعزاز سے نوازا جائے گا، ان کی تعداد بھی ملک بھر میں سب سے زیادہ صوبہ سندھ کے مدارس کی ہے۔ ان میں جامعہ دارالعلوم کراچی کورنگی کراچی، جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی، جامعہ بنوریہ العالمیہ سائٹ ایریا، معہدالخلیل الاسلامی بہادر آباد، جامعہ فاروقیہ شاہ فیصل کالونی کورنگی، جامعہ مرکز فہم الدین ڈیفنس، جامعہ الصفہ سعیدآباد بلدیہ ٹاؤن، جامعہ الرشید احسن آباد، جامعہ نظامیہ للبنات ناظم آباد نمبر 3، جامعہ بیت السلام بن قاسم ٹاؤن شامل ہیں۔
صوبہ بلوچستان کے 62 مدارس کے 222 طلبہ و طالبات کو ملکی و صوبائی سطح پر پوزیشنز حاصل کرنے پر نشان اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا۔ ان کے اعزاز میں وفاق المدارس کی جانب سے 13فروری 2020ء￿ بروز جمعرات کو جامعہ امدادیہ سریاب روڈ کوئٹہ میں تقریب منعقد ہوگی، جس سے مرکزی وصوبائی قائدین وفاق اور اکابر و مشائخ خوش نصیب پوزیشنز ہولڈر میں اعزازات و انعامات بھی تقسیم کریں گے۔ اسی طرح آزاد کشمیر کے 26 مدارس کے 156 طلبہ و طالبات نے پوزیشز حاصل کیں، جن میں 84 بنین اور 72 بنات ہیں۔ صوبہ گلگت بلتستان کے 9 مدارس و جامعات نے مجموعی طور پر 55 طلبہ و طالبات نے پوزیشز حاصل کی ہیں، جن میں 18 بنین اور 37 بنات شامل ہیں۔ صوبے میں 2جامعات کی 10سے زائد پوزیشنز حاصل کرنے پر وفاق المدارس کی جانب سے بہترین تعلیمی کارکردگی پہ خصوصی نشان اعزاز سے نوازا جائے گا۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی ہونے والی ان تقریبات میں کئی منفرد اعزازات تقسیم کیے جارہے ہیں۔ پہلی بار ان اداروں کو بھی نشان اعزاز دیا جارہا ہے، جن کی محنت و تربیت کی بدولت ان کے طلبہ و طالبات نے پوزیشنز حاصل کر کے اپنے اداروں کا نام بھی روشن کیا۔ وفاق المدارس سے ملحق ہزاروں مدارس وجامعات میں پوزیشن حاصل کرنے والے اداروں کی مجموعی تعداد 368 ہے۔ ان تقریبات میں جن مدارس و جامعات کے طلبہ و طالبات نے مجموعی طور پر 10یا اس سے زائد پوزیشنز حاصل کی ہیں، ان کو اعلیٰ ’نشان اعزاز برائے حسن کارکردگی‘ سے پہلی بار نوازا جائے گا۔ ایسی شاندار تعلیمی کارکردگی کے حامل اداروں کی صوبوں کی سطح پر تعداد 29 ہے۔ وفاق المدارس نے اس اقدام کے ذریعے چھوٹے صوبوں کے مدارس و جامعات کی حوصلہ افزائی کو مدنظر رکھتے انتہائی دورس فیصلہ کیا۔ اس طرح مجموعی طور پر تمام طلبہ و طالبات اور ان کے اداروں سمیت اعلیٰ کارکردگی کے حامل مدارس و جامعات کو ملنے والے اعزازات کی تعداد 1910 ہے۔
ہوئے