فیصل آباد میں جماعت اسلامی کا یکجہتی کشمیر مارچ

619

 ملک بھر کی طرح آج فیصل آباد میں بھی جماعت اسلامی کے کارکنوں نے مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی  کے لئے چنیوٹ بازار سے کچہری بازار تک مارچ کیا گیا جس کی قیادت مرکزی نائب امیرراشدنسیم،ضلعی امیرعظیم رندھاوا،ملک معراج الدین،رائے اکرم گھرل،شیخ مشتاق،اجمل بدر اور دیگر نے کی۔

ریلی میں سینکڑوں باپردہ خواتین اور معصوم بچوں نے شرکت کی جنہوں نے اقوام متحدہ کا علامتی جنازہ بھی اٹھایا ہوا تھا جبکہ معصوم بچیوں نے آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر مظلوم کشمیری بیٹیوں سے اظہار یکجہتی بھی کیا۔مارچ کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی نائب امیر راشدنسیم نے کہا کہ چھ ماہ سے کشمیر میں بدترین کرفیو ہے، تعلیمی ادارے،ہسپتال اور بازار بند ہیں،اندر کی کوئی خبر باہر نہیں آ رہی، ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو عقوبت خانوں میں بند کرکے انسانیت سوز مظالم کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم اپنی انتہا کو پہنچ گئے ہیں مگر انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردارمظلوم کشمیریوں کے حق میں بات کرنے کو تیار نہیں جبکہ حکومت پاکستان کی کاکردگی صرف بیانات تک محدود ہے،کشمیریوں کی مدد کے لیے اگر فوری طور پر کوئی عملی قدم نہ اٹھایا گیا تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ  پوری قوم کامطالبہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے خاتمہ اور بنیادی انسانی حقوق کی بحالی کیلئے بھارت کو الٹی میٹم دیا جائے۔بھارت کیلئے فضائی حدود صرف ایک بار نہیں بلکہ مسئلہ کشمیر کے حل تک مستقل بند کردی جائے۔جموں و کشمیر میں بھارتی دہشت گردی اور بھارتی جنگی جرائم پر ہندوستان کو دہشت گرد ملک قرار دینے کیلئے عالمی دباؤ بڑھایا جائے۔کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے جس میں بھارت نے زبردستی فوج اتاردی ہے اب حکومت پاکستان تذبذب اور بزدلی چھوڑے اور وہی اقدام کرے جو جموں و کشمیر کے مظلوموں کی مدد کیلئے ضروری ہے۔ جماعت اسلامی قومی و بین الاقوامی اداروں پر اخلاقی دباؤ بڑھانے کیلئے ملک گیر جدوجہد جاری رکھے گی۔