اگر مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں تو ایماندار قیادت کو آگے لانا ہوگا،سید عارف اللہ حسینی

478

کراچی(اسٹاف رپورٹر)افواجِ پاکستان ہر قسم کے حالات سے مقابلہ کرنا جانتی ہے، اگر مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں تو ایماندار قیادت کو آگے لانا ہوگا، ان خیالات کا اظہار وائس ایڈمرل(ر) سید عارف اللہ حسینی نے 5فروری کو کشمیر ڈے کے حوالے سے ہیومن رائٹس آف پاکستان اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے تعاون سے کورٹ یارڈ میں ہونے والی ”خواتین کانفرنس“ سے کیا،

انہوں نے کہاکہ کشمیر کی آزادی کے لئے ہمیں عملی طور پر جدوجہد کرناہوگی، پاکستان ایک ایسی مملکت ہے جہاں تمام مذاہب محفوظ ہیں اور ہمارے علاوہ کوئی اور قوم نہیں جو انسانیت کی علمبردار ہو، کشمیر کی آزادی کے لئے صراطِ مستقیم پر چل کر مظلوم عوام کے لیے آواز بلند کرنا ہوگی،

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میڈیا اینڈ پبلی کیشن ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین بشیر سدوزئی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں جو مظالم ڈھائے جارہے ہیں وہ پاکستان کا بچہ بچہ جانتا ہے، پاکستان کی عوام کو کشمیری قیادت پر یقین کرنا چاہیے، اب تک 7لاکھ سے زائد کشمیری عوام اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں،سری نگر کا بچہ زندہ ہے تو اس کے ہاتھ میں جھنڈا اور دفن بھی جھنڈے میں ہی ہوتا ہے،قومی مسئلہ پر اسلامی کانفرنس کا نہ ہونا بہت بڑا المیہ ہے یہ ایک ریاست اور قوم کا مسئلہ ہے اور وہاں جو کچھ ہورہا ہے اس کا خون حاکم وقت کے سر ہوگا،

انہوں نے کہاکہ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ جہاں کلچرو ثقافت کے فروغ کے لئے کام کررہے ہیں وہاں قومی مسائل پر بھی اپنے پلیٹ فارم سے اُن کی آواز بلند کررہے ہیں میں اُن کی طرف سے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ سجاد سنگی نے کہاکہ اگر حکمران آج کشمیر آزاد کرنے کا اعلان کریں تو ہم جذبہ شوقِ شہادت کے ناطے کل کشمیر آزاد کروادیں،

اللہ نے بھی جہاد کو افضل قرار دیا ہے، آپ لوگوں کا یہاں آنا نہتے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی اظہار ہے، ہمیں انہیں اکیلا نہیں چھوڑنا چاہیے۔ سنیل مسیح نے کہاکہ ہم آزادی کے غلام بن چکے ہیں کیونکہ اب تک ہم کشمیری عوام کے لئے کچھ نہ کرپائے، کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اس کی آزادی کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا،انہوں نے کہاکہ مسیح برادری کشمیری عوام کے ساتھ ہے اور آج کے دن ہم کشمیری بھائیوں کیساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ اس موقع پر مہدی نے کہاکہ کشمیر کی داستان بہت پرانی ہے اقوام متحدہ انصاف کے لیے بنائی گئی تھی مگر اب تک کشمیر کے مسئلے پر ہمیں انصاف نہیں مل سکا،

تقریب کے دوران منصور ساحر نے کشمیر کے حوالے سے نظم بھی پیش کی اور آخر میں تمام لوگوں نے کشمیر کی مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لئے ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی اور ہاتھ اٹھاکر ان کے ساتھ ہونے کا یقین دلایا،تقریب سے پیپلزپارٹی کی ایم پی اے شمیم ممتاز،راحلیہ ٹوانہ اور دیگر نے ”خواتین کانفرنس“ سے خطاب کیا۔