یوم یکجہتی کشمیر: جماعت اسلامی کراچی کے تحت آج انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائیگی

660
پشاور:جماعت اسلامی شعبہ خواتین کے تحت کشمیریوںسے اظہار یکجہتی کیلیے ریلی نکالی جارہی ہے
پشاور:جماعت اسلامی شعبہ خواتین کے تحت کشمیریوںسے اظہار یکجہتی کیلیے ریلی نکالی جارہی ہے

کراچی (نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کے عوام سے اپیل کی ہے کہ کراچی کے شہری جذبہ ایمانی سے سرشار ہوکر مظلوم و نہتے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج شارع فیصل پر 3بجے دن ’’انسانی ہاتھوں کی زنجیر ‘‘ میں فیملی کے ہمراہ بھرپور شرکت کریں ،امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خطاب کریں گے ،ٹرمپ کی ثالثی سے کسی حکومت کا مسئلہ تو حل ہو سکتا ہے لیکن کشمیرکا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا،پاکستان کے حکمران یہ سمجھتے ہیں کہ تقریر کرنے سے مسئلہ حل ہوجائے گا،کشمیریوں کو پاکستان کی حکومت اور ریاست کی جانب سے راست اقدام کی ضرورت ہے، کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی ، کشمیر پاکستان کا حصہ بن کر رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر شارع فیصل پر 20کلومیٹر طویل (میٹروپول تا قائد آباد)انسانی ہاتھوں کی زنجیر کے سلسلے میں نرسری بس اسٹاپ پر قائم کیمپ کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ، بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پارلیمانی لیڈر جنید مکاتی ، امیر ضلع قائدین سیف الدین ایڈووکیٹ و دیگر بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمدؒ کی اپیل پر1990ء میں پہلی مرتبہ ملک گیر سطح پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ’’5فروری یوم یکجہتی کشمیر ‘‘منانے کا فیصلہ کیا گیاجوآج بھی بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں 6ماہ گزر چکے ہیں اب تک مسلسل بھارتی فوج اور آر ایس ایس کے غنڈے خواتین کی بے حرمتی کر رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کو جیل بنادیا گیا ہے ،ایک کروڑ 10 لاکھ کشمیریوں کے لیے 10لاکھ بھارتی فوج تعینات کی گئی اورفوج کی سرپرستی میں آرایس ایس کے غنڈے بھی ظلم ڈھارہے ہیں لیکن اس کے باوجود کشمیریوں میں پاکستان اور اسلام سے محبت ،بھارت کی غلامی سے آزادی کے جذبات اور شوق شہادت موجود ہے، کشمیری شہادت کے بعد اپنے شہدا کو پاکستانی پرچم میں دفناتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی قانون کے تحت پاکستانی افواج کو کشمیریوں کی مدد کے لیے پیش رفت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ افسوس کی بات ہے کہ وزیراعظم افغانستان میں امریکا کی مدد کے لیے فعال نظر آتے ہیں لیکن کشمیریوں کی مدد کے لیے کچھ نہیں کرتے،جماعت اسلامی کشمیر کے محاذ پر عملی ،اخلاقی اور مزاحمت کے جتنے عنوانات ہیں سب کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ رہے گی ۔ انہوں نے کہاکہ مسلم عوام کے حکمران مسلم امہ نہیں بلکہ وہ امریکا اور یورپ کے غلام ہیں۔