سندھ میں یوم یکجہتی کشمیر کی تیاریاں مکمل۔صوبے میں عام تعطیل ہے

1224
لاہور: واپڈا ملازمین کشمیریوںسے اظہار یکجہتی کیلیے ریلی نکال رہے ہیں

جیکب آباد/ سجاول/ شکار پور/ ٹنڈوجام/ نوشہروفیرز/ راولپنڈی/ میرپور خاص/ ٹنڈو آدم/ کندھ کوٹ/ جھڈو/ سکھر/ ٹنڈوالہیار (نمائندگان جسارت) آج ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا، ملک بھر کی سیاسی، سماجی تنظیموں، صحافیوں، اسکولوں اور سول سوسائٹی کی جانب سے ریلیاں نکالی جائیں گی، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مختلف پروگرامز اور سیمینارز منعقد کیے جائیں گے اور مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم پر روشی ڈالی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق نائب امیر جماعت اسلامی سندھ پروفیسر نظام الدین میمن کی قیاد ت میں جیکب آباد میں ریلی نکالی جائے گی ۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی جیکب آباد ہدایت اللہ رند نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پورے ملک کی طرح امیر جماعت اسلامی پاکستان کی کال پر عظیم الشان یوم یکجہتی کشمیر ریلی میں عوام کی بھرپور شرکت بھارتی درندہ صفت انسانیت دشمن مودی سرکار کے ظالم مکروہ چہرہ پر طماچہ ثابت ہوگی۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر 11 بجے صبح لیاقت باغ چوک مری روڈ سے کمیٹی چوک تک یکجہتی کشمیر ریلی نکالی جائے گی۔ جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی، جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد، نائب امیر شمالی پنجاب رضا احمد شاہ اور دیگر رہنما کریں گے۔ علاوہ ازیںکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے میرپورخاص کے مقامی لٹل فوکس اسکول میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، اور یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی، مختلف اسکولوں کے بچوں نے اپنے ہاتھوں میں پاکستانی اور کشمیری پرچم تھام رکھے تھے اور شرکا کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بھی لگاتے رہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر زاہد حسین میمن،ایس ایس پی جاوید بلوچ، ڈائریکٹرز پرائیویٹ اسکولز عبدالرزاق خاصخیلی و دیگر نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کل بھی کمشیر ہمارا تھا آج بھی کشمیر ہمارا ہے اور رہتی دنیا تک کشمیر پاکستان کا رہے گا اور ہم سب کا دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ علاوہ ازیں تنظیم تحفظ ناموس خاتم الانبیاء پاکستان،پاسبان ختم نبوت کے مرکزی رہنمائوں مفتی محمد طاہرمکی، مولانا محفوظ الرحمان شمس و دیگر نے یوم کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہی کہ کشمیرپاکستان کی شہہ رگ ہے اس میں کوئی شک نہیں لیکن صرف اسکو ’’شہ رگ ‘‘کہنے اور5 فروری کو عام تعطیل کردینے ہاتھوں کی زنجیربنانے اور احتجاج سے قیامت تک کشمیرآزاد نہیں ہوگا اس کا واحد حل قرآن اور حدیث کے مطابق جہاد ہے پاک فوج کشمیر کے مسئلے پر بھارت کے ساتھ جہادکا اعلان کرے پوری قوم جان مال بچوں سمیت پاک فوج کیساتھ کھڑی ہوگی۔ کسی حکومت نے کشمیریوں کیلیے حقیقی آوازبلند نہیں کی، حکومت اگر کشمیر پر مخلص ہے تو اسے بھارت کے ساتھ تمام تر تعلقات ختم کرنا ہوں گے۔ علاوہ ازیں ضلع سجاول میں مختلف سیاسی ، سماجی ، مذہبی اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کی جانب سے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے عوامی پارک میں 3 روزہ کیمپ کا انعقاد کیا، جس میں سجاول کے سیاسی، سماجی، سول سوسائٹی، صحافیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی کیمپ گزشتہ روزتک جاری رہا۔ کیمپ میں کشمیری بھائیوں کے شانہ بہ شانہ جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا گیا اور آج ضلع بھر میں بڑی تعداد میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔ علاوہ ازیں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلیے گورنمنٹ شاہ لطیف ہائی اسکول شکارپور کی جانب سے ہیڈماسٹر صفدر امیر پہوڑ کی قیادت میں اسکول سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، ریلی میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر علی اکبر کلہوڑو نے خصوصی شرکت کی، اس موقعے پر صفدر امیر پہوڑ، علی اکبر کلہوڑو اور دیگر کا کہنا تھا کے ہم ہر حال میں کشمیری عوام کے ساتھ ہیں۔ اس موقع پر طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بلند کیے۔ علاوہ ازیں کشمیری بچوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں ایڈ ایکسیلنس ٹنڈوجام کی جانب سے ٹاؤن ہال ٹنڈوجام میں ایک روزہ انٹر آرٹس اینڈ اسپیچ کمپٹیشن منعقد کیا گیا جس میں ٹنڈوجام کے 10 سرکاری و نجی اسکولوں کے 100 سے زاید طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی مانیٹرنگ آفیسر پرائیویٹ اسکولز حیدرآباد ریجن پیر راحیل حسین شاہ، آرٹسٹ شاھد اقبال، حسین کلہوڑو، منظور میمن، آفتاب جونیجو، میر محمد خاصخیلی، نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں شیلڈ اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے جبکہ مہمانوں کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیا گیا۔