یہ چوروں کی حکومت ہے جو عوام کو لوٹ رہی ہے،شاہد خاقان عباسی

255

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما وسابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ یہ چوروں کی حکومت ہے جو عوام کو لوٹ رہی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں پیشی کیلئے اسلام آباد کی احتساب عدالت لایا گیا،عدالت نے لیگی رہنما کے جوڈیشل ریمانڈ میں‌ 21 فروری تک توسیع کر دی۔

عدالت پیشی کے موقع پر شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ عوام گھبرائیں نہیں، سب کچھ ٹھیک ہوجائیگا۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت آج سے نہیں، جب سے آئی ہے تب سے ناکام ہے، ہر روز پاکستان کی عوام سے 2 ارب روپے لوٹے جا رہے ہیں، عوام کا پیسہ اے ٹی ایم کھا گئی، مہنگائی پر کوئی پوچھنے والا نہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے سوال کیا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار بتائیں کہ عوام کو کون لوٹ رہا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ چوروں کی حکومت ہے جو عوام کو لوٹ رہی ہے، یہ حکومت تو ختم ہوچکی ہے، ایک جنازہ رکھا ہے جب مرضی پڑھ لیں۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ حکومت میں جو مرضی تبدیلی لے آئیں اب بہتری نہیں آئے گی، عوام نے تبدیلی کےاثرات خود دیکھ لئے ہیں۔