او آئی سی نے امریکی صدر کا مشرق وسطی منصوبہ مسترد کردیا

278

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)نےامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مشرقِ وسطی سے متعلق پیش کیے گئے منصوبے کومستردکردیاہے۔

تفصیلات کے مطابق فلسطینی قیادت کی درخواست پر او آئی سی کا اجلاس سعودی عرب کے شہر جدہ میں منعقد ہوا جس میں تمام رکن ممالک نے متفقہ طور پرفیصلہ کیا کہ اس منصوبے کے نفاذ میں کسی بھی طرح امریکا کا ساتھ نہیں دیں گے اور نہ اس سلسلے میں کوئی تعاون کریں گے۔

او آئی سی کا یہ اجلاس عرب لیگ کی جانب سے ٹرمپ کی نام نہاد ڈیل آف سنچری کو مسترد کرنے کے دو دن بعد منعقد کیا گیا جس کا موقف تھا کہ ٹرمپ کی پالیسی فلسطینی عوام کے جائز حقوق اور خواہشات کے بھی خلاف ہے۔

خیال رہے کہ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیراعظم کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازع کا حل پیش کیا تھا۔