مہاتیر محمد کشمیر کے معاملے میں عالمی رہنما ثابت ہوئے، فردوس عاشق اعوان

458

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے سوشل ویب سائٹ پر ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے کہا کہ کشمیر کے معاملے میں مہاتیر محمد کا موقف ان کے انصاف پسند ہونے کا ثبوت ہپے۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا میں برادرانہ تعلقات مذہبی ثقافت اور باہمی اعتماد پر قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا یہ دوسرا دورہ دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا آئینہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید تقویت ملے گی۔ عمران خان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ملائیشیا کی قیادت کو آگاہ کریں گے اور پر امن حل پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

معاون خصوصی نے کشمیر کے مسئلے پر مہاتیر محمد کے موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا کشمیر کے معاملے پر بین الاقوامی سطح پر آواز اٹھانا ایک انصاف پسند عالمی رہنما ہونے کا ثبوت ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی مہاتیر محمد نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر سخت مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملائیشیا کشمیر کی مظلوم عوام کے لیے اپنا موقف نہیں بدلے گا بھلے بھارت ہم سے پام آئل کی خریداری کا بائیکاٹ کردے۔