انڈر 19 ورلڈکپ سیمی فائنل،پاک بھارت مقابلہ کل ہوگا

687
پوچیف اسٹروم: پاکستان انڈر19کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھارت کیخلاف سیمی فائنل سے قبل بھرپورپریکٹس کرتے ہوئے

پوچیف اسٹروم(جسارت نیوز)جنوبی افریقا میں جاری آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے کوارٹرفائنل میں افغانستان کو مات دینے کے بعد پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم سیمی فائنل کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ جوہانسبرگ سے پوچیف اسٹروم پہنچنے والی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے اتوار کے روز 3 گھنٹے سے زائدجاری رہنے والے ٹریننگ سیشن میں بھرپور شرکت کی۔ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل 4 فروری کو جے بی مارکس اوول میں کھیلا جائے گا۔اہم میچ سے قبل منعقدہ ٹریننگ سیشن میں آلراؤنڈر فہد منیر نمایاں رہے۔ بائیں ہاتھ کے ٹاپ آرڈر بیٹسمین اور لیگ اسپنر فہد منیر نے تاحال ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔لاہور سے تعلق رکھنے والے نوجوان کرکٹر زمباوے کے خلاف گروپ میچ اور افغانستان کے خلاف کوارٹر فائنل میچ میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔زمباوے کے خلاف میچ میں فہد منیر نے قاسم اکرم اور محمد شہزاد کے ساتھ بالترتیب 66 اور46 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے میچ میں79 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی۔افغانستان کے خلاف کوارٹرفائنل میں فہد منیر نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کرکے میچ میں پاکستان کی گرفت مضبوط کردی تھی۔انہوں نے میچ میں 7 اوورز میں 29 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔بائیں ہاتھ کے بلے باز فہد منیر ، ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری بلے باز برائن لارا کو اپنا فیورٹ کرکٹر قرار دیتے ہیں۔فہد منیر کا کہنا ہے کہ قومی انڈر 19 ٹیم ایونٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ میگا ایونٹ میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور وہ کوشش کرتے ہیں کہ ہر میچ میں 100 فیصد کارکردگی پیش کریں۔نوجوان آلراؤنڈر نے کہا کہ زمباوے کے خلاف جلدی وکٹیں گرنے کے بعد انہیں ہیڈ کوچ کی جانب سے وکٹ پر رکنے کی ہدایات ملی تھی لہٰذا انہوں نے ٹیم پلاننگ پر عمل کرکے نصف سنچری اسکور کی۔فہد منیر نے کہا کہ افغانستان کے خلاف میچ میں بینونی کی وکٹ ان کے لیے سازگار رہی اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے میچ میں یکے بعد دیگرے 2 وکٹیں حاصل کیں۔نوجوان کرکٹر نے کہاکہ ایونٹ پر روانگی سے قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں مشتاق احمد نے انہیں اہم ٹپس دیں جو کارگر ثابت ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے خواہشمند ہیں۔