مکہ مکرمہ: مولانا فضل الرحمن کے اعزاز میں تقریب

358

جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے جے یو آئی (مکہ مکرمہ) کے زیر اہتمام اپنے اعزاز میں دی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں حکومت نااہل لوگوں کے ہاتھوں میں ہے، جب کہ عوام ان کی ناقص پالیسیوں کے باعث بددعائیں دینے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکہ میں مقیم پاکستانی نااہل حکومت سے نجات کے لیے حرم میں خصوصی دعا کریں۔
تقریب میں سعودی عرب کے تمام شہروں سے جے یو آئی (سعودی عرب) کے ذمے داران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کی صدارت قاری محمد الیاس اور قاری شوکت نے کی۔ مولانا فضل الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان میں اس وقت مہنگائی کا طوفان ہے، غریب کا جینا دوبھر ہوگیا ہے، ہم نے حکومت ہٹانے کی تحریک شروع کررکھی ہے، جو کامیابی کی جانب جا رہی ہے۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ تحریکیں سمندر ہوتی ہیں، جن میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے۔ ہم نے جدوجہد جاری رکھنی ہے اور جو لوگ ہمارے دھرنے کا مذاق اڑاتے تھے، ہم نے لاکھوں افراد کی موجودگی کے ساتھ کامیاب دھرنے سے یہ ثابت کردیا ہے کہ ہم پرامن لوگ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی میں اوورسیز کا سب سے زیادہ کردار ہے۔ تقریب میں متحدہ مجلس عمل کے پارلیمانی لیڈر مولانا اسد محمود، مشہور شاعر سید سلمان گیلانی، خلیل سارنگزئی، سابق وزیر بلوچستان، انجینئر عبدالصبور جنرل سیکرٹری جمعیت نے بھی شرکت کی۔ آخر میں ضلع مانسہرہ سے تعلق رکھنے والی معروف کاروباری و سماجی شخصیت قاری شوکت نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔