پاکستانی کارکنوں کے واجبات کا معاملہ حل ہوگیا

233

پاکستان قونصلیٹ کی کوششوں اور سعودی وزارت محنت کے افسران کے تعاون سے سعودی بن لادن میں کام کرنے والے 300 پاکستانی کارکنوں کے واجبات کا طویل مسئلہ حل ہوگیا۔ یہ بات پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے جدہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی کارکنان طویل عرصے قبل پاکستان جاچکے ہیں اور اب سفارت خانہ پاکستان کے تعاون سے ان کے واجبات ان کے پاکستان میں واقع گھروں تک بھیجے جائیں گے۔ خالد مجید نے مزید بتایا کہ سعودی تعمیراتی اداروں کے بند ہونے کے بعد دیگر اداروں سعد کنسٹرکشن، سعودی اوجر و دیگر کے پاکستانی کارکنان کے واجبات کی ادائیگی کے سلسلے میں کوششیں کی جارہی ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستانی قونصل جنرل نے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
بات چیت کے موقع پر نائب قونصل جنرل شائق بھٹو، قونصل پریس ارشد منیر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ قونصل ویلفیئر ماجد میمن نے اس موقع پر بتایا کہ سعودی اوجر میں پاکستانی کارکنوں کی بڑی تعداد تھی، اور اس معاملے کے لیے سعودی وزارت محنت کے تعاون سے واجبات کی ادائیگی کے سلسلے میں بات چیت جاری ہے۔ آخر میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے قونصلیٹ کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیے۔