سفیر پاکستان کی سعودی وزیر تعلیم سے ملاقات

247

ریاض میں پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز نے سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حماد بن محمد الشیخ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، اس دوران سعودی عرب میں پاکستانی اسکولوں سے متعلق امور اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفیر پاکستان نے سعودی وزیر تعلیم کو پاکستانی اسکولوں کے تعلیمی معیار اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔ راجا علی اعجاز نے اس موقع پر واضح کیا کہ مملکت میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے گزشتہ برسوں کے دوران پاکستانی خاندانوں کی تعلیمی ضروریات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ مملکت کے 10 پاکستانی اسکول پاکستانیوں کو بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔ اسی تناظر میں سفیر نے کچھ مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا تاکہ مملکت کی سب سے بڑی اورسیز کمیونٹی کی تعلیمی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
سعودی وزیر نے معیاری تعلیم کی فراہمی میں پاکستانی انٹرنیشنل اسکولوں کے کردار کو سراہا اور تعلیمی و بنیادی ڈھانچے کی ضروریات کو مزید بہتر اور مستحکم بنانے کے لیے بھر پور مدد کی پیش کش کی۔ آخر میں سفیر پاکستان نے شاہ سلمان اور وزیر تعلیم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مملکت میں پاکستان انٹرنیشنل اسکولوں کی بہتری کے لیے کوششوں کی ہمیشہ حمایت کی۔