معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے چین میں اپنے دفاتر بند کرنے کا اعلان کردیا

356

بیجنگ: معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے کرونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر چین میں اپنے دفاتر 9 فروری تک بند کرنے کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی خرساں ادارے کے مطابق کرونا وائرس چین میں ہزاروں افراد کو متاثر کرچکا ہے جس کے نتیجے میں 250 سے زائد اموات بھی ہو چکی ہیں۔ کرونا وائرس خطرے کے پیش نظر ایپل کمپنی نے چین میں اپنے دفاتر بند کرنے کا اعلان کردیا۔

ایپل کمپنی کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ وبائی خطرات کے پیش نظر چین میں تمام ایپل دفاتر 9 فروری تک بند رہیں گے۔

خیال رہے کہ ایپل مصنوعات کے کچھ سپلائرز شہر ووہان کے قریب واقع ہیں۔ اس وبائی مرض کے خطرات کے تحت کئی ممالک نے چین سے آنے اور جانے والی پروازوں کو بھی منسوخ کردیا ہے جبکہ چینی حکومت نے کئی صوبوں میں عام تعطیلات میں مزید توسیع کردی ہے جس کی وجہ سے چینی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔