جیکب آباد، بھاری مقدار میں مضر صحت اشیا برآمد، 3 ملزمان گرفتار

279
جیکب آباد : پولیس کارروائی میں برآمد کی گئی چھالیہ، پان پراگ اور گٹکا جبکہ ٹرک اور ملزم پولیس کی حراست میں

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد پولیس نے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، تین گاڑیوں سے بھاری مقدار میں 7610 کلو چھالیہ، 540 کلو گٹکا اور پان پراگ برآمد، 3 ملزمان گرفتار۔ جیکب آباد پولیس نے تین مختلف کارروائیوں میں اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ صدر پولیس کے ایس ایچ او اصغر تینو نے نفری کے ہمراہ شمبے شاہ پولیس چوکی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان سے براستہ بائی پاس جیکب آباد میں داخل ہونے والے ایک ٹرالر TLG-575 سے 7610 کلو گرام چھالیہ اور 200 کلو گرام جے ایم پان پراگ، گٹکا برآمد کرکے ملزم متولی ولد سید ولی پٹھان کو گرفتار کرلیا ہے، جس کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ صدر پولیس نے ایک اور کارروائی میں تلاشی کے دوران شمبے شاہ پولیس چیک پوسٹ سے مزدا ٹرک AE-0364 سے بھاری مقدار میں 240 کلو گرام Z-21 گٹکا پان پراگ برآمدکرلی جبکہ اسمگلنگ کرنے والے ملزم اسلم ولد جمعہ خان بروہی سکنہ سانگھڑ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سی آئی اے پولیس نے پل مسافر پر کامیاب کارروائی کے دوران جی ایل آئی کار BDL-320 سے بھاری مقدار میں 100 کلو گرام Z-21 گٹکا، پان پراگ برآمد کرکے اظہر علی ولد جیون سومرو کو گرفتار کرلیا جس کیخلاف تھانہ صدر پہ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔