کراچی پریس کلب کی جانب سے رنگا رنگ اسپورٹس گالا کا انعقاد

457
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کاکراچی پریس کلب کے اسپورٹس گالا میں بچوں کے ساتھ گروپ فوٹو

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) کراچی پریس کلب کے زیر اہتمام ہفتے کو اسپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب تھے،اسپورٹس گالا میں کراچی پریس کلب کے ارکان اور ان کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مرتضیٰ وہاب نے مختلف مقابلوں کو دیکھاور خود بھی حصہ لیا، ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کراچی پریس کلب کی صحت مندانہ سرگرمیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ امسال پی سی ایل مکمل طور پر پاکستان میں ہونا خوش آئند ہے،عوام اس ایونٹ کو کامیاب بنائیں ، انہوں نے بنگلادیش کرکٹ ٹیم کی آمد کا خیر مقدم کیا۔ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی کتاب میں بہاریوںا ور اورنگی ٹاؤن کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی معاملہ سامنے آیا سندھ حکومت نے فوری کارروائی کی اور اس سبق کواب کتاب سے نکال دیا گیا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ یہ ترجمے کی غلطی سے ہوا، اس پر متعلقہ فرد نے معافی بھی مانگ لی ، تاہم غلطی غلطی ہوتی ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے کلب اراکین کے بچوں کے ساتھ خصوصی تصاویر بھی بنوائیں۔ صبح 9بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہنے والے اسپورٹس گالا میں مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے، ان مقابلوں میں کراچی پریس کلب کے ارکان کے درمیان 100 میٹر فادر ریس، 50میٹرمدر ریس، بچوں کے لیے مختصر فاصلوں کی دوڑ، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، تیر اندازی، باسکٹ بال، اور منی میراتھن ریس کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ، اس کے ساتھ اہل خانہ کے لیے صبح کے ناشتے اور ظہرانے کا اہتمام کیا گیاتھا ، کراچی پریس کلب کی جانب سے رنگا رنگ اسپورٹس گالا کو خواتین کھلاڑیوں اور بچوں نے بے حد سراہا۔ اسپورٹس گالا میں کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران، سیکرٹری ارمان صابر، نائب صدر سعید سربازی ،خازن راجا کامران،جوائنٹ سیکر ٹری ثاقب صغیر سمیت گورننگ باڈی کے ارکان موجود تھے ،اس موقع پر کراچی پریس کلب کے سیکرٹری ارمان صابر نے اسپورٹس گالا کے کامیا ب انعقاد پر پاکستان اسپو رٹس بورڈ کے ڈائریکٹر اور اسپورٹس گالا کمیٹی کے ارکان ودیگر کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ بہت جلد اپنے ممبران کے لیے واٹر پارک میں ایک اور فیملی گالا کا انتظام کیا جائے گا۔ اختتامی تقریب سے کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران اور سیکرٹری ارمان صابر نے اسپورٹس گالا کے کھیلوں میں کامیاب ہو نے والے کلب کے ارکان، اہل خا نہ اور بچوں کو مبارک باد پیش کیا۔ آخرمیں کھیلوں میں کامیابی حا صل کرنے والے ممبران ،بچوں اور خواتین کو میڈلز اور اسناد دیے گئے۔