جماعت اسلامی کا سندھ سمیت ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان( کراچی میں ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائیگی)

1229
اسلام آباد: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پریس کانفرنس کررہے ہیں

لاہور، کراچی(نمائندہ جسارت+اسٹاف رپورٹر) نائب جماعت اسلامی پاکستان وسابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے دفتر جماعت اسلامی اسلام آباد میں پر یس کانفر نس کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر جماعت اسلامی پاکستان ہر سال کی طرح اس سال بھی اہل کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے 5فروری کو بھر پور انداز میں یوم یکجہتی کشمیر منا ئے گی ،اس سلسلے میں ملک بھر میں جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جبکہ ملک کے تمام صو بائی اور ضلعی ہیڈ کو ارٹرز میں بڑے پروگرامات منعقد کیے جا ئیں گے ۔5 فروری کو جماعت اسلامی کے اہتمام وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیںایک عظیم الشان یکجہتی کشمیر ریلی منعقد کی جا ئے گی ۔انہوں نے کہا کہ کل 3فروری کو جماعت اسلامی کا وفد اقوام متحدہ کے دفتر جا کر کشمیر کے حوالے سے قرار داد پیش کر ے گا جبکہ اسی دن جماعت اسلامی یو تھ ونگ کے تحت مو ٹر سائیکل ریلی نکالی جا ئے گی اور 4 فروری کو پاکستان بزنس فورم کے تحت یکجہتی کشمیر سیمینار ہو گا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، تاجر رہنما محمد کاشف چودھری ، نائب امیر ملک عبد العزیز ، صاحبزادہ ولی اللہ بخاری اور ضلعی سیکرٹری اطلاعات سجاداحمد عباسی بھی موجود تھے ۔دریں اثنا جماعت اسلامی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے کہا ہے کہ امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر جماعت اسلامی سندھ کے تحت یومِ یکجہتی کشمیر پورے صوبے میں جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ 5 فروری کو کراچی سمیت سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ریلیاں، سیمینارز، ہاتھوں کی زنجیر اور مذاکرے منعقد کیے جائیں گے۔جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی،صوبائی اور مقامی رہنما کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم پر اظہار خیال کریں گے۔ مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹوسکھر ،صوبائی امیرمحمد حسین محنتی حیدرآباد ،جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ لاڑکانہ، نائب امیر پروفیسر نظام الدین میمن جیکب آباد،نائب امیر ممتاز حسین سہتومیرپورخاص، نائب امیرحافظ نصراللہ عزیز خیرپورمیرس،نائب قیم عبدالوحید قریشی ٹنڈومحمد خان، عبدالحفیظ بجارانی گھوٹکی،محمد افضال عمرکوٹ، عبدالقدوس احمدانی بدین،محمد مسلم ٹھٹھہ،حافظ نعیم الرحمن کراچی،رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید تھرپارکراورجے آئی یوتھ کے صدرفرہاد گل سانگھڑ میں یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ ریلیوں کی قیادت کریں گے۔

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر 5فرور ی کو ملک گیر ’’یوم یکجہتی کشمیر ‘‘ کے سلسلے میں کراچی میں  شارع فیصل پر 20کلو میٹر طویل میٹروپول ہوٹل تا قائد آباد ’’انسانی ہاتھوں کی زنجیر ‘‘ بنائی جائے گی ۔ جس میں کراچی کے عوام ، مردو خواتین ،نوجوان ، بچے ، بزرگ ، طلبہ ، اساتذہ و علما کرام ، وکلا ،تاجر،مزدور،صحافی ،ڈاکٹرز،انجینئرز اور اقلیتی نمائندوں سمیت مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد ہزاروں کی تعداد میں شریک ہوں گے اور ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم اور ریاستی جبر و تشدد کے شکار مظلوم و نہتے کشمیری عوام سے بھر پور اظہار یکجہتی کریں گے ۔ سینیٹر سراج الحق خصوصی طور پر شارع فیصل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر کا دورہ کریں اور مختلف مقامات پر شرکا سے خطاب کریں گے ۔ قبل ازیں یوم یکجہتی کشمیر اور انسانی ہاتھوں کی زنجیر کو بھر پور اور کامیاب بنانے کے لیے شہر بھر میں مہم چلائی جائے گی ۔ 3اور 4فروری کو تمام اضلاع میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور اہم مقامات ، مین شاہراہوں اور چورنگیوں پر کیمپ لگائے جائیں گے ۔ ہزاروں کی تعداد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت کی مذمت میں بینرز آویزاں کیے جائیں گے ، لاکھوں ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے جائیں گے ، قومی پرچم ، آزاد کشمیر اور جماعت اسلامی کے جھنڈے لگائے جائیں گے ۔ ہر ضلعے کے تحت فلوٹس تیار کیے جائیں گے جو شہر بھر میں گشت کرتے رہیں گے ۔ کیمپوں اور فلوٹس سمیت عام گاڑیوں پر نظمیں اور ترانے چلائے جائیں گے ۔ 4فرور ی کی شب موٹر سائیکل ریلیاں بھی نکالی جائیں گی، دریں اثنا جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و مہماتی کمیٹی کے نگران ڈاکٹر اسامہ رضی کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں تمام اضلاع اور شعبہ نشرو اشاعت کے ذمے داران نے شر کت کی اور انسانی ہاتھوں کی زنجیر کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے اہم فیصلے اور اقدامات کیے گئے ۔مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور اضلاع کو ذمے داریاں تفویض کی گئیں ۔ اجلاس میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر کی پبلسٹی اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے بھی مختلف تجاویز اور آرا کی روشنی میں فیصلے کیے گئے ۔ اجلاس میں متعلقہ ذمے داران اور کمیٹیوں کے نگرانوں کو مختلف ہدایات دی گئیں۔