امسال پولیس بلڈنگز کی مرمت،تزئین و آرائش کا مجموعی بجٹ 607 ملین رہا ،

279

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے بجٹ 2018 اور 19 کے اخراجات کی تفصیلات جاری کردیں ، پولیس بلڈنگز کی مرمت،تزئین و آرائش کا مجموعی بجٹ 607 ملین رہا۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ نے2018 اور 19 میں بجٹ سے خرچ کی گئی رقم سے متعلق تفصیلات جاری کردیں ہیں ، جس میں بتایا گیا ہے کہ پولیس بلڈنگزکی مرمت،تزئین وآرائش کامجموعی بجٹ607 ملین رہا۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ سی پی اوکی مرکزی بلڈنگ،دفاترکی مرمت پر70ملین کے اخراجات آئے ، 70 ملین مجموعی رقم کا11.5 فیصد بنتے ہیں

جبکہ بقیہ رقم 187تھانہ جات کی مرمت،تزئین وآرائش پر خرچ ہوئی، تھانہ جات کی مرمت پرخرچ رقم 88.5فیصد بنتی ہے۔ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا۔واضح رہے کہ گذشتہ روز محکمہ خزانہ سندھ کی جانب سے دستاویزات میں انکشاف کیا گیا تھا کہ سندھ پولیس میں گزشتہ مالی سال کے آخری دنوں خوبصورت دفتر پر کروڑوں کے اخراجات ہوئے ، ایک ماہ میں تزئین وآرائش پر ریکارڈ 8 کروڑروپے خرچ کیے گئے۔

دستاویزات میں بتایا گیا آئی جی آفس،سی پی اوکیلئے آرکیٹیکٹ،انجینئرز،ڈیزائننگ ماہرین کی خدمات لی گئیں ، آئی جی سندھ، ان کے ذیلی شعبوں میں دفاتر کو خوبصورت بنانے پر سرکاری اخراجات کئے۔