مسئلہ کشمیراسلام دشمن قوتوں کی ثالثی سے نہیں دلیرانہ اقدام سے حل ہوگا،ذکراللہ مجاہد

486
جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام کشمیری مسلمانو ں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے مظاہرہ کیا جارہا ہے

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی خطے کے امن کے لیے تباہ کن ہوگی۔ مسلم امہ کے حکمران مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے قرآن و سنت کی روشنی میں اقدامات کریں۔ مسئلہ کشمیر انسانیت کا مسئلہ بن چکا ہے اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں کارڈ ڈسپلے پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ مسئلہ کشمیر امریکا سمیت اسلام دشمن قوتوں کی ثالثی سے نہیں دلیرانہ اقدامات کرنے سے حل ہوگا۔ کشمیری مسلمان پاکستان کی بقا جنگ لڑے رہے ہیں اور وہ اپنی عزتیں اور جانیں قربان کر رہے ہیں، بھارتی فوج کی سات لاکھ فوج مسلسل ظلم کے ساتھ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکی۔ انہوں نے کہا کہ وادی جموں کشمیر 180 دن سے دنیا کی بدترین جیل میں تبدیل ہوچکی ہے جہاں 80 لاکھ عوام کو گھروں میں محصور کردیا گیا ہے جہاں سخت سردی میں خوراک، ادویات سمیت دیگر انسانی بنیادی ضروریات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اپنے کشمیری بھائیوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔ وادی جموں کشمیر میں اس وقت دنیا کا سب سے بڑا کرفیو جاری ہے جہاں انسانی حقوق کا کھلے عام قتل کیا جارہا ہے۔ماضی کی تاریخ میں ایسی سفاکیت کی کوئی مثال نہیں ملتی۔مسئلہ کشمیر پر دنیا کی مجرمانہ بے حسی اور خاموشی قابل مذمت ہے۔ جماعت اسلامی کشمیری مسلمانوں کی پشتی بان ہے اور کشمیر کی آزادی تک ہر محاذ پر ان کا ساتھ دے گی۔ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی لاہور 5 فروری عالمی برادری کی بے حسی کو توڑنے،حکمرانوں کے ضمیر کو جھنجوڑنے کیلیے مال روڈ پر عظیم الشان کشمیر مارچ کرے گا۔ بعدازں جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام شہر بھر میں جمعتہ المبارک کے بعد مساجد کے ہر ہزاروں کی تعداد میں ہینڈبل تقسیم کیے گئے اور کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے کارڈ ڈسپلے مظاہرے بھی کیے گئے۔