پاکستان افغانستان کو ہراکر انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں

514

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ کی 2مرتبہ کی چیمپئن پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقا میںسیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ۔ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے جمعہ کے روزجنوبی افریقا میں کھیلے گئے کوارٹرفائنل میں افغانستان کو 6وکٹوں سے شکست دے کر فائنل4 میں جگہ بنائی۔ ولو مور پارک بینونی میں کھیلے گئے کوارٹرفائنل میچ میں افغانستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے189 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کے محمد عامر خان نے 3 جبکہ فہد منیر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ قومی انڈر 19 ٹیم نے مطلوبہ ہدف 42ویں اوور میں 4وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر محمد حریرہ 64رنز بناکر سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔بینونی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان انڈر 19 ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرفرحان زاخیل کے علاوہ کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتا رہا۔ کپتان فرحان زاخیل نے 40 رنز کی اننگز کھیلی، انہیں اسپنر عامر علی نے آؤٹ کیا۔ افغانستان کی پوری ٹیم 49.1اوورز میں 189 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ افغانستان کے آل راؤنڈر عبدالرحمٰن 30 رنز بناکر دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر محمد عامر خان نے 58 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ لیگ اسپنر فہد منیر نے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 29 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز متاثر کن رہا۔ اوپنر محمد حریرہ اور حیدر علی نے 61 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کرکے ٹیم کو ایک مضبوط آغاز فراہم کیا۔ قومی انڈر 19 ٹیم کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے نوجوان بلے باز محمدحریرہ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی۔ وہ 76 گیندوں پر 64 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ان کی اننگز میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔پاکستان کی جانب سے دوسرے نمایاں بیٹسمین اوپنر حیدر علی رہے ، انہوں نے 28 رنز بنائے۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم نے مطلوبہ ہدف 42ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ میچ میں 64 رنز کی اننگز کھیلنے پر اوپنر محمد حریرہ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔