اقبال قاسم پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ مقرر

490

سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم کو پاکستان کرکٹ بوڈ( پی سی بی) کی کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا گیا۔

پی سی بی سے جاری اعلامیہ کے مطابق اقبال قاسم کو کرکٹ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جب کہ دیگر اراکین میں وسیم اکرم (سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم اور موجودہ کمنٹیٹر)،عمر گل (سابق ٹیسٹ کرکٹر بطور نمائندہ  ڈومیسٹک کرکٹرز)، عروج ممتاز (چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ بطور نمائندہ ویمنز کرکٹ)، علی نقوی (سابق ٹیسٹ کرکٹر بطور نمائندہ میچ آفیشلز) شامل ہیں۔

کمیٹی ، چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو کرکٹ سے متعلق امور پر تجاویز پیش کرے گی، جس میں قومی کرکٹ ٹیموں کی کارکردگی، ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر، ہائی پرفارمنس سینٹرز اور پلیئنگ کنڈیشنز جیسے امور شامل ہیں۔

‏پی سی بی نے 2018 میں محسن حسن خان کی سربراہی میں کرکٹ کمیٹی تشکیل دی تھی لیکن گزشتہ برس محسن حسن خان کے کمیٹی سے الگ ہونے کے بعد چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کمیٹی کے چیئرمین بن گئے تھے۔