عمران صاحب عوام کی خدمت آپ کے بس کی بات نہیں،مریم اورنگزیب

327

لاہور: پاکستان مسلم (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ‎عمران صاحب حکومت چلانا اور عوام کی خدمت آپ کے بس کی بات نہیں۔

ترجمان (ن) لیگ نے وزیر اعظم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یوٹرن اور نالائقی آپ کی پہچان بن گئی ہے،جرات ہے تو عوام کو بتائیں آٹے اور چینی کا بحران جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کو فائدہ دینے کے لئے پیدا کیا گیا تھا۔

مریم اورنگزیب نے ملک میں آٹے کے بحران کو عوام کی جیبوں پر حکومت کا ڈاکہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گندم کی پیداوار 20 فیصد بڑھا چڑھا کر دکھائی گئی ہے تاکہ اس ایکسپورٹ سے چند لوگ جیبیں بھرلیں۔

انہوں نے کہا کہ  ‎ڈاکے کی اس واردات کے لئے محکمہ خوراک میں اس مدت کے لئے خاص سیکریٹری کی تعیناتی کرائی گئی ہے، ‎وسیم اکرم پلس کو ایک فلور مل چیک کرنے کی توفیق ہوئی نہ ہی یہ معلوم کیا کہ آٹا مقامی مارکیٹ میں فراہم ہو رہا ہے یا گندم باہر بھیجی جارہی ہے۔

مریم اورگزیب نے کہا کہ ‎انسانی ضرورت کا جائزہ لئے بغیر ہی فیڈ ملوں کو جانوروں کی خوراک کے لئے گندم خریدنے کی اجازت دے دی گئی، اے ٹی ایمز  نے بڑی مقدار میں گندم ذخیرہ کی ہوئی تھی۔

ترجمان (ن) لیگ نے مزید کہا کہ ‎ملی بھگت کے نتیجے میں افغانستان اور وسط ایشیاء کو غیر قانونی طور پر گندم بھجوائی گئی ہے۔