ٹنڈو آدم میں تحریک محنت کا مکتبہ خوش آئند قدم ہے، امام الدین شوقین

619
ٹنڈو آدم: سینیٹر ملک امام الدین شوقین‘ امیر جماعت اسلامی سندھ حسین محنتی مکتبہ کا افتتاح کررہے ہیں

ٹنڈوآدم(نمائندہ جسارت )پیپلزپارٹی کے سینیٹر ممتاز سماجی شخصیت ملک امام الدین شوقین اور امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ٹنڈوآدم میں تحریک محنت کا مکتبہ خوش آئند قدم ہے ، کتاب انسان کی بہترین ساتھی اور زندگی میں تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ کتاب کے بغیر انسان کی زندگی تعمیر نہیں ہوسکتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک محنت کے تحت قرآن مجید،احادیث، تفاسیر دینی،تاریخی و دیگر اسلامی کتب کا مکتبہ قائم کرنے کے حوالے سے ٹنڈوآدم مدینہ شاپنگ سینٹر میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔تقریب سے تحریک محنت پاکستان کے صدر سید خالد حسین بخاری، صوبائی صدر عبدالرحیم اعوان، بزرگ رہنما عبدالعزیز غوری، مشتاق احمد عادل، عبدالغفور انصاری نے بھی خطاب کیا۔ صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، ضلعی امیر رفیق منصوری، صدر پریس کلب ٹنڈوآدم وسیم فاروقی، جنرل سیکرٹری امداد راہی،حاجی نور حسن ،انجمن تاجران کے صدر محمد اقبال بھٹی،عبدالوہاب انصاری،حاجی رمضان مجید انصاری ،اور مقامی امیر عبدالستار انصاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مہمان خصوصی سینیٹرامام الدین شوقین نے مکتبے کے قیام کو خوش آئندقرار دیتے ہوئے 50 ہزار عطیہ دینے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہاکہ نبی کریم ؐ اور صحابہ کرامؓ نے معاشرے کی تبدیلی کے لیے چلتا پھرتا نمونہ پیش کیا۔محمد حسین محنتی نے کہا کہ اپنی و معاشرے کی اصلاح اورملک کے نظام میں تبدیلی چاہتے ہیں تو کتاب انقلاب قرآن مجید کی تعلیمات پر عمل اور اس کے پیغام کو عام کرنا ہوگا۔ جماعت اسلامی کے رہنما عبدالعزیز غوری نے کہا کہ ہمیں بھی تبدیلی اور اصلاح کا آغاز قرآن وسنت کے ذریعے اپنی ذات و گھر سے کرنا ہوگا۔ ٹی وی کلچر ، موبائل اور میڈیا کے دیگر ذرائع کے منفی استعمال سے بے حیائی کو فروغ،نوجوان نسل کو تباہ اور ہمارے گھروں کو جہنم بنایا جا رہا ہے۔تحریک محنت پاکستان کتاب و عمل کے ذریعے معاشرے میں تبدیلی اور ہمارے گھروں کو جنت بنانا چاہتی ہے جس کا ہمیں دست و بازو بننا ہوگا۔ ٹنڈو آدم میں تحریک محنت کا مکتبہ کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔تحریک محنت پاکستان کے صدر سید خالد حسین بخاری نے کہاکہ تحریک محنت 1975ء سے محنت کش ملازمین میں دعوت بذریعہ کتاب اللہ کا کام کر رہی ہے۔ ہم قرآن و حدیث سمیت دیگر دینی کتب کے ذریعے معاشرے کی اصلاح اور دنیا وآخرت کی کامیابی چاہتے ہیں۔ تمام فرقہ واریت و مسالک سے بالاتر ہوکر ہمارا مقصد دینی کتب کا فروغ ہے۔ کتب کی سیل نہیں اس کے ذریعے لوگوں کو دین سے منور کرنا ہمارا مشن ہے۔