ایم کیو ایم نے کابینہ میں واپسی کیلئے ایک اور وزارت مانگ لی

373

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان(ایم کیو ایم) نے وفاقی کابینہ میں واپسی کے لیے ایک اور وزارت مانگ لی۔

نجی ٹی وی کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ نے کابینہ میں واپسی وزارت سے مشروط کردی، ایم کیو ایم نے وفاقی حکومت کے سامنے شرط رکھی ہے کہ امین الحق کو وزارت ملے گی تو پھر کابینہ میں واپسی ہوگی۔

ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر حکومت نے وزارت دینے کی یقین دہانی کروائی تھی، امین الحق کو تاحال وزارت ملنے کی یقین دہانی پر عمل نہ ہونے پر ایم کیو ایم کی واپسی نہ ہوسکی۔

دوسری جانب ترجمان ایم کیوایم پاکستان وفاقی کابینہ میں واپسی کے حوالے سے چینلزپر چلنی والی افواہوں کی تردیدکرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان نے وفاقی کابینہ میں دوبارہ شمولیت کے حوالے سے کسی بھی قسم کاکوئی مطالبہ نہیں کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان کابینہ سے مزید وزارتوں کیلئے نہیں بلکہ وزارتوں کو چھوڑکر باہرآئی ہے، ایم کیوایم پاکستان کو وزارتوں کی ضرورت نہ پہلے تھی اور نہ اب ہے۔

جاری بیان میں کہا گیا کہ ایم کیوایم پاکستان شہری سندھ کے ساتھ ناانصافیوں،فنڈ کی عدم فراہمی جیسے مسائل کی خاطر کابینہ سے باہر آئی،شہری سندھ کے مسائل ترجیح بنیادوں پرحل ہونے تک کابینہ میں واپسی بے معنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا ہاؤسز سے گزارش کرتے ہیں کہ ایم کیوایم کے حوالے سے من گھڑت خبرچلانے سے قبل پارٹی سے تصدیق کرلی جائے۔