بی آئی ایس پی: وظیفہ خور افسروں کے خلاف مقدمات بنائیں گے،شہزاد اکبر

436

اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاداکبر کا کہنا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پراگرام (بی آئی ایس پی) سے وظیفہ خور افسروں کے خلاف مقدمات بنائیں گے۔

معاون خصوصی برائے احتساب شہزاداکبر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے نظام میں شفافیت لانے کا عزم کیا ہوا ہے، سرکاری ملازمین کا بی آئی ایس پی سے فائدہ اٹھانا فراڈ ہے، وظیفہ خور افسروں کے خلاف مقدمات بنائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر کے 196 ملازمین نے فنڈز وصول کیے

شہزاد اکبر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پراگرام سے ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد سرکاری افسران نے غریبوں کی حق تلفی کرتے ہوئے بی آئی ایس پی سے فائدہ اٹھایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پراگرام (بی آئی ایس پی) میں اعلی سرکاری افسران کی جانب سے فراڈ کے ذریعے مالی فوائد حاصل کرنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج ہوں گے اور تمام کیسز ایف آئی اے کو دیئے جائیں گے۔