تمام بحرانوں کا حل دیانتدار قیادت کا انتخاب ہے، حسین محنتی

640
سانگھڑ: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی میٹ دی پریس سے خطاب کررہے ہیں

ٹنڈوآدم(نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ملک اس وقت سیاسی و معاشی بحرانوں کا شکار ہے، آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سمیت مہنگائی کے طوفان نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ حقیقی تبدیلی اور مہنگائی گیس بحران سمیت عوام کو اپنے مسائل کے حل کے لیے دیانتدار قیادت کا انتخاب اور ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد میں ساتھ دینا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈوآدم ،شہدادپور اور سانگھڑ میں عوامی دعوتی و تنظیمی اجتماعات سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ دریں اثنا انہوں نے سانگھڑ میں پریس کلب کے نومنتخب صدراوردیگر عہدیداران کو مبارکباد اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، امیر ضلع رفیق منصوری اور مقامی امرا بھی اس موقع پر موجود تھے۔محمد حسین محنتی نے کہا کہ سانگھڑ سندھ کا اہم ضلع ہے جہاں پر زراعت، معدنی وسائل سے مالا مال ، محنت کرنے والے جذبہ رکھنے والے لوگ موجود ہیں لیکن یہاں پر تعلیمی ادارے، سرکاری اسپتالوں اور سڑکوں کی خراب صورتحال سے اندازہ ہوتا ہے کہ سندھ حکومت کی کوئی توجہ نہیں ہے،عوام تشویش میـں مبتلا ہیں کہ وہ کس طرح اپنے گھر کا چولہا جلائیں ،بچوں کو تعلیم دلائیں جو حکومت معیشت کو ٹھیک کرنے کے دعوے اور وعدے کرکے برسراقتدار آئی تھی اس نے مہنگائی کا سیلاب لاکر تاجروں، متوسط طبقے اور عام لوگوں کا جینا دوبھر کردیا ہے، تاجر برادری جو ملکی معیشت میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرتی ہے انکو ٹیکس چور کہنے اور نیب کے ذریعے ہراساں کرکے اس حکومت نے ملکی معیشت کا پہیہ جام کردیا ہے۔ سانگھڑ شہر،ٹنڈوآدم،شہداد پور میں بلدیاتی ادارے تباہی کا شکار ہیں جبکہ سانگھڑ ضلع سندھ میں سب سے زیادہ تیل وگیس کی پیداوار کا ضلع ہے، جماعت اسلامی ملک اور صوبے کی خدمت میں پیچھے نہیں رہے گی، پیپلزپارٹی گزشتہ 11 سال سے برسراقتدار ہے لیکن معدنی وسائل سے مالا مال سندھ کے عوام آج بھی بھوک،افلاس اور غربت کا شکار ہوکر خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔علاوہ ازیں انہوں نے سانگھڑ میں نائب امیر ضلع محمد طفیل سے والدہ کی وفات پر تعزیت، ٹنڈوآدم میں عبدالعزیز غوری کی عیادت اور شہدادپور میں گزشتہ دنوں شہید ہونے والے رہنما عرفان احمد لاکھو اور غلام رسول آرائیں کے گھروں پر بھی جاکر لواحقین سے تعزیت کی۔